دَعَواتُ القرآن - Quran Majeed | Urdu | Syed Masood Ahmed (R.A.)

دَعَواتُ القرآن

ذیل میں قرآن مجید کی ضروری دعائیں دی جا رہی ہیں۔ ان دعاؤں کے ذریعے بھی اللہ تعالیٰ سے دعا مانگتے رہنا چاہیے۔

رَبَّنَاۤ اٰتِنَا فِی الدُّنْیَاحَسَنَۃً وَّ فِی الْاٰخِرَۃِ حَسَنَۃً وَّ قِنَا عَذَابَ النَّارِ۝{بقرۃ ۔ ۲۰۱}
اے ہمارے ربّ ہمیں دنیا میں بھی بھلائی عطا فرما اور آخرت میں بھی بھلائی عطا فرما اور ہمیں دوزخ کے عذاب سے بچا۔


رَبَّنَا لَاتُؤَاخِذْنَاۤ اِنْ نَّسِیْنَاۤ اَوْ اَخْطَأْنَا رَبَّنَاوَلَا تَحْمِلْ عَلَیْنَااِصْرًا کَمَا حَمَلْتَہٗ عَلَی الَّذِیْنَ مِنْ قَبْلِنَا رَبَّنَا وَلَا تُحَمِّلْنَا مَا لَا طَاقَۃَ لَـنَا بِہٖ وَاعْفُ عَنَّا، وَاغْفِرْلَـنَا، وَارْحَمْنَا، اَنْتَ مَوْلٰـنَا فَـانْصُرْنَا عَلَی الْقَوْمِ الڪٰفِرِیْنَ۝{البقرۃ ۔ ۲۸۶}
اے ہمارے ربّ اگر ہم سے بھول چوک ہو جائے تو ہم سے مواخذہ نہ کر، اے ہمارے ربّ ہم پر اتنا بوجھ نہ ڈال جتنا تو نے ہم سے پہلے لوگوں پر ڈالا تھا۔ اے ہمارے ربّ ہم سے اتنا بوجھ نہ اٹھوا جس کے اٹھانے کی ہم میں طاقت نہیں ہے۔ ہمیں معاف کر دے ، ہماری مغفرت فرما، ہم پر رحم فرما، تو ہی ہمارا مولیٰ ہے، کافروں کے مقابلے میں ہماری مدد فرما۔


رَبَّنَا لَاتُزِ غْ قُلُوْبَنَا بَعْدَ اِذْ ھَدَیْتَنَا وَھَبْ لَنَا مِنْ لَّدُنْكَ رَحْمَۃً، اِنَّكَ اَنْتَ الْوَھَّابُ۝ رَبَّنَاۤ اِنَّكَ جَامِعُ النَّاسِ لِیَوْمٍ لَّا رَیْبَ فِیْہِ اِنَّ اللّٰہَ لَا یُخْلِفُ الْمِیْعَادَ۝{آلِ عمران ۸ و ۹}
اےہمارے ربّ جب کہ تو نے ہمیں ہدایت دے دی ہے تو اب ہمارے دِلوں میں کجی نہ پیدا کر اور ہمیں اپنے پاس سے رحمت عطا فرما، بے شک تو بہت عطا کرنے والا ہے۔ اے ہمارے ربّ بے شک تو اس دن تمام لوگوں کو جمع کرے گا جس دن کے آنے میں کچھ شک نہیں ہے۔ بے شک اللہ وعدہ خلافی نہیں کرتا۔


رَبَّنَاۤ اِنَّنَاۤ اٰمَنَّا فَاغْفِرْلَنَا ذُنُوْبَنَا وَقِنَا عَذَابَ النَّارِ۝{آلِ عمران ۱۶}
اے ہمارے ربّ بے شک ہم ایمان لے آئے لہٰذا ہمارے گناہ معاف فرما دے اور ہمیں دوزخ کے عذاب سے بچا۔


رَبَّنَا مَا خَلَقْتَ هٰذَا بَاطِلًا سُبْحٰنَكَ فَقِنَا عَذَابَ النَّارِ۝رَبَّـنَاۤ اِنَّكَ مَنْ تُدْخِلِ النَّارَ فَقَدْ اَخْزَيْتَهٗ وَمَا لِلظّٰلِمِيْنَ مِنْ اَنْصَارٍ۝رَبَّنَاۤ اِنَّنَا سَمِعْنَا مُنَادِيًا يُّنَادِی لِلْاِ يْمَانِ اَنْ اٰمِنُوْا بِرَبِّكُمْ فَاٰمَنَّا رَبَّنَا فَاغْفِرْ لَنَا ذُنُوبَنَا وَڪَفِّرْ عَنَّا سَيِّاٰتِنَا وَتَوَفَّنَا مَعَ الْاَبْرَارِ۝ رَبَّنَا وَاٰتِنَا مَا وَعَدْتَّنَا عَلٰی رُسُلِكَ وَلَا تُخْزِنَا يَوْمَ الْقِيٰمَةِ اِنَّكَ لَا تُخْلِفُ الْمِيْعَادَ ۝{آلِ عمران ۱۹۱ تا ۱۹۴}
اے ہمارے ربّ تو نے ا س کا ئنات کو بے فائدہ پیدا نہیں کیا، تو (بے فائدہ کام کرنے اور تمام عیوب سے) پاک ہے۔ہمیں دوزخ کے عذاب سے بچا، اے ہمارے ربّ جس کو تو نے دوزخ میں داخل کر دیا تو پھر تو نے اس کو ضرور رسوا کر دیا۔ (اس دن) ظالموں کا کوئی مددگار نہ ہو گا۔ اے ہمارے ربّ بے شک ہم نے ایک منادی کو سنا کہ وہ ایمان لانے کے لیے (ہمیں) پکاررہا تھا (وہ کہہ رہا تھا) کہ اپنے ربّ پر ایمان لاؤ، ہم ایمان لے آئے ۔اے ہمارے ربّ ہمارے گناہ معاف فرمادے، اور ہماری بُرائیوں کو ہم سے دور کر دے اور ہمیں نیک بندوں کے ساتھ پورا پورا اجر عطا فرما۔ اور اے ہمارےربّ ہمیں وہ تمام نعمتیں عطا فرما جن کا وعدہ تونے اپنے رسولوں کے ذریعے کیا ہے۔ اورہمیں قیامت کے دن رسوا نہ کر۔ بے شک تو وعدہ خلافی نہیں کرتا۔


رَبَّنَاۤ اَخْرِجْنَا مِنْ هٰذِهِ الْقَرْيَةِ الظَّالِمِ اَهْلُهَا وَاجْعَلْ لَّنَا مِنْ لَّدُنْكَ وَلِيًّا وَّاجْعَلْ لَّنَا مِنْ لَّدُنْكَ نَصِيْرًا۝{نسآء ۷۵ }
اے ہمارے ربّ ہمیں اس بستی سے نجات دے جس کے رہنے والے ظالم ہیں، اپنی طرف سے کسی کو ہمارا حامی بنا دے اور اپنی ہی طرف سے کسی کو ہمارا مددگار بنا دے۔

{اس دعا کو اس وقت پڑھے جب کسی ایسی بستی میں گھر جائے جہاں کے رہنے والے ظالم ہوں اور شریعت پر عمل کرنے سے روکتے ہوں۔}


رَبِّ اَعُوْذُبِكَ مِنْ ھَمَزٰتِ الشَّیٰطِیْنِ۝ وَاَعُوْذُبِكَ رَبِّ اَنْ یَّحْضُرُوْنِ۝{مومنون ۹۷۔۹۸}
اے میرے ربّ، میں شیطانوں کے وسوسوں سے تیری پناہ طلب کرتا ہوں اور میں اس بات سے بھی تیری پناہ طلب کرتا ہوں کہ وہ میرے پاس آ ئیں۔


رَبِّ اغْفِرْ وَارْحَمْ وَاَنْتَ خَیْرُ الرّٰحِمِیْنَ۝
{مومنون ۱۱۸}
اے میرے ربّ (میری) مغفرت فرما اور (مجھ پر) رحم فرما، تو تمام رحم کرنے والوں میں سب سے بہتر رحم کرنے والا ہے۔


رَبَّنَا اصْرِفْ عَنَّا عَذَابَ جَھَنَّمَ اِنَّ عَذَابَھَا کَانَ غَرَامًا۝{فرقان ۶۵}
اے ہمارے ربّ دوزخ کے عذاب کو ہم سے دور رکھ، بے شک اس کا عذاب بڑی بھاری مصیبت ہے۔


رَبَّنَا ھَبْ لَـنَا مِنْ اَزْوَاجِنَا وَذُرِّیّٰتِنَا قُرَّۃَ اَعْیُنٍ وَّاجْعَلْنَا لِلْمُتَّقِیْنَ اِمَامًا۝{فرقان ۷۴}
اے ہمارے ربّ ہم کو ہماری بیویوں (یا شوہروں) اور ہماری اولاد کی طرف سے آنکھوں کی ٹھنڈک عطا فرما اور ہمیں متّقی لوگوں کا پیشوا بنا۔


اَللّٰهُمَّ مَالِكَ الْمُلْكِ تُؤْتِی الْمُلْكَ مَنْ تَشَآءُ وَتَنْزِعُ الْمُلْكَ مِمَّنْ تَشَآءُ وَتُعِزُّ مَنْ تَشَآءُ وَتُذِلُّ مَنْ تَشَآءُ بِيَدِكَ الْخَيْرُ اِنَّكَ عَلٰى كُلِّ شَیْءٍ قَدِيْرٌ۝ تُوْلِجُ اللَّيْلَ فِی النَّهَارِ وَتُوْلِجُ النَّهَارَ فِی اللَّيْلِ وَتُخْرِ جُ الْحَیَّ مِنَ الْمَيِّتِ وَتُخْرِ جُ الْمَيِّتَ مِنَ الْحَیِّ وَتَرْزُقُ مَنْ تَشَآءُ بِغَيْرِ حِسَابٍ۝
{آلِ عمران ۲۶، ۲۷}
اے اللہ، اے بادشاہت کے مالک، تو جس کو چاہتا ہے بادشاہت عطا فرماتا ہے اور جس سے چاہتا ہے بادشاہت چھین لیتا ہے، تو جس کو چاہتا ہے عزّت دیتا ہے اور جس کو چاہتا ہے ذلیل کرتا ہے ہر طرح کی بھلائی تیرے ہاتھ میں ہے بےشک تو ہر چیز پر قادر ہے۔ تو ہی رات کو دن میں داخل کرتا ہے اور تو ہی دن کورات میں داخل کرتا ہے۔ تو ہی بے جان سے جان دار کو پیدا کرتا ہے اور تو ہی جان دار سے بے جان کو پیدا کرتا ہے اور تو جس کو چاہتا ہے بے حساب رزق دیتا ہے۔


رَبِّ اِمَّا تُرِیَنِّیْ مَایُوْعَدُوْنَ۝ رَبِّ فَلَاتَجْعَلْنِیْ فِی الْقَوْمِ الظّٰلِمِیْنَ۝{مومنون ۹۳,۹۴}
اے میرے ربّ جس عذاب کا ان (کفّار) سے وعدہ ہے اگر وہ عذاب تو (میری زندگی میں نازل کر کے) مجھے بھی دکھا دے تو اے میرے ربّ مجھے ان ظالموں میں شامل نہ کرنا۔


رَبَّنَاۤ اٰمَنَّافَاغْفِرْلَـنَا وَارْحَمْنَاوَاَنْتَ خَیْرُالرَّاحِمِیْنَ۝{مومنون۱۰۹}
اے ہمارےربّ، ہم ایمان لائے پس تو ہماری مغفرت فرما، اور ہم پر رحم فرما اور تو سب سے بہتر رحم کرنے والا ہے۔



Share This Surah, Choose Your Platform!