پیش لفظ - Quran Majeed | Urdu | Syed Masood Ahmed (R.A.)

پیش لفظ

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

وظیفے تو بہت سے پڑھے جاتے ہیں لیکن کیا کوئی وظیفہ اس وظیفے سے بہتر ہو سکتا ہے جو رسول اللہ صلّی اللہ علیہ وسلّم پڑھا کرتے تھے۔ رسول اللہ صلّی اللہ علیہ وسلّم کے کلماتِ حمد و ثنا اور دعائیں جو کتبِ احادیث میں محفوظ ہیں وہ کیا کم ہیں کہ دوسرے کلمات و اوراد کی طرف توجّہ کی جائے۔ مزید برآں رسول اللہ صلّی اللہ علیہ وسلّم کے کلمات اور دَعَوات کی موجودگی میں دوسرے کلمات اور ادعیہ کا وِرد کرنا ایمان کے منافی ہے۔ رسول اللہ صلّی اللہ علیہ وسلّم کی محبّت شرطِ ایمان ہے۔ رسول اللہ صلّی اللہ علیہ وسلّم کی محبّت کا تقاضا یہی ہے کہ اللہ تعالیٰ کا ذِکر آپ کے طریقے اور آپ کے الفاظ میں کیا جائے اور کثرت سے آپ پر درود بھیجا جائے۔ درود شریف کی بڑی فضیلت ہے۔ درود شریف میں ہمارے لیے بڑی برکتیں اور رحمتیں پنہاں ہیں۔
رسول اللہ صلّی اللہ علیہ وسلّم کی  ثناؤں اور دعاؤں کا پورا ذخیرہ اس کتابچے میں نہیں آسکتا، ہم نے اس کتابچے میں صرف وہ ثنائیں اور دعائیں شامل کی ہیں جن کا پڑھنا خاص خاص موقعوں پر مشروع ہے۔ ان میں سے اکثر ایسی ہیں جن کو نہ پڑھنے سے اُخروی نقصان کا اندیشہ ہے۔ جس ضابطۂ حیات کو دے کر رسول اللہ صلّی اللہ علیہ وسلّم مبعوث کیے گئے یہ ثنائیں اور دعائیں اسی ضابطۂ حیات کی ایک کڑی ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے مقرّر کردہ ضابطوں پر چلنا اور رسول اللہ صلّی اللہ علیہ وسلّم کی کامل پیروی کرنا ہی نجات کا ضامن ہے اور بس۔
دعاؤں کی قبولیّت کا دارومدار حضورِ قلب پر ہے لہٰذا اس کتابچے میں دعاؤں کے ساتھ ان کا ترجمہ بھی دیا گیا ہے تا کہ پڑھنے والے حضرات ترجمہ یاد کر کے ان دعاؤں کو پڑھتے وقت یہ بھی ذہن میں رکھیں کہ وہ کیا پڑھ رہے ہیں اور اللہ تعالیٰ سے کیا مانگ رہے ہیں۔

Share This Surah, Choose Your Platform!