Al-Mujadilaسُوۡرَةُ المجَادلة

اردو ترجمہ
بِسۡمِ ٱللَّهِ ٱلرَّحۡمَٰنِ ٱلرَّحِيمِ
.﴿
بے حد مہربان اور بہت رحم کرنے والے اللہ کے نام کے ساتھ
قَدۡ سَمِعَ ٱللَّهُ قَوۡلَ ٱلَّتِي تُجَٰدِلُكَ فِي زَوۡجِهَا وَتَشۡتَكِيٓ إِلَى ٱللَّهِ وَٱللَّهُ يَسۡمَعُ تَحَاوُرَكُمَآۚ إِنَّ ٱللَّهَ سَمِيعُۢ بَصِيرٌ
۱﴿
(اے رسول) اللہ نے اس عورت کی بات سن لی جو اپنے شوہر کے بارے میں آپ سے جھگڑ رہی تھی (کہ اس کے معاملے میں کچھ رعایت کی جائے) اور وہ اللہ سے فریاد کر رہی تھی، اللہ تم دونوں کی گفتگو سن رہا تھا، بےشک اللہ سننے والا، دیکھنے والا ہے
ٱلَّذِينَ يُظَٰهِرُونَ مِنكُم مِّن نِّسَآئِهِم مَّا هُنَّ أُمَّهَٰتِهِمۡۖ إِنۡ أُمَّهَٰتُهُمۡ إِلَّا ٱلَّـٰٓـِٔي وَلَدۡنَهُمۡۚ وَإِنَّهُمۡ لَيَقُولُونَ مُنكَرٗا مِّنَ ٱلۡقَوۡلِ وَزُورٗاۚ وَإِنَّ ٱللَّهَ لَعَفُوٌّ غَفُورٞ
۲﴿
(اے ایمان والو) تم میں سے جولوگ اپنی بیویوں کو ماں کہہ دیتے ہیں، (ان کے اس کہنے سے) وہ ان کی مائیں نہیں بن جاتیں، مائیں تو ان کی وہی ہیں جنھوں نے ان کو جنا، البتّہ وہ ایک (بہت) بُری اور جھوٹی بات منھ سے نکالتے ہیں، بےشک اللہ بہت معاف کرنے والا اور بہت بخشنے والا ہے
وَٱلَّذِينَ يُظَٰهِرُونَ مِن نِّسَآئِهِمۡ ثُمَّ يَعُودُونَ لِمَا قَالُواْ فَتَحۡرِيرُ رَقَبَةٖ مِّن قَبۡلِ أَن يَتَمَآسَّاۚ ذَٰلِكُمۡ تُوعَظُونَ بِهِۦۚ وَٱللَّهُ بِمَا تَعۡمَلُونَ خَبِيرٞ
۳﴿
اور (اے ایمان والو) جو لوگ اپنی بیویوں کو ماں کہہ بیٹھیں پھر (اگر) وہ اپنے (اس) قول سے رجوع کریں تو (ان کو اپنی بیویوں کو) ہاتھ لگانے سے پہلے ایک غلام آزاد کرنا (ضروری) ہے، (اے ایمان والو) تم کو اس (قرآن)کے ذریعے نصیحت کی جارہی ہے (تم کو چاہیے کہ اس نصیحت پر عمل کرو اور یہ بات اچّھی طرح ذہن نشین کر لو کہ) جو کچھ تم کر رہے ہو اللہ اس سے باخبر ہے
فَمَن لَّمۡ يَجِدۡ فَصِيَامُ شَهۡرَيۡنِ مُتَتَابِعَيۡنِ مِن قَبۡلِ أَن يَتَمَآسَّاۖ فَمَن لَّمۡ يَسۡتَطِعۡ فَإِطۡعَامُ سِتِّينَ مِسۡكِينٗاۚ ذَٰلِكَ لِتُؤۡمِنُواْ بِٱللَّهِ وَرَسُولِهِۦۚ وَتِلۡكَ حُدُودُ ٱللَّهِۗ وَلِلۡكَٰفِرِينَ عَذَابٌ أَلِيمٌ
۴﴿
جس شخص کو (غلام) میسّر نہ ہو تو (اسے چاہیے کہ بیوی کو) ہاتھ لگانے سے پہلے متواتر دو۲ مہینے کے روزے رکھے، پھر جس شخص کو (روزے رکھنے کی) استطاعت نہ ہو تو اسے چاہیے کہ ساٹھ مسکینوں کو کھانا کھلائے، (اے ایمان والو) یہ (حکم) اس لیے (دیا گیا) ہے تاکہ (اس پر عمل کر کے تم صحیح معنوں میں) اللہ اور اُس کے رسول پر ایمان لے آؤ، یہ اللہ کی حدیں ہیں (ان پر سختی سے عمل کرو) اور (اسے اچّھی طرح سن لو کہ) جو لوگ (ہماری حدوں کا) انکار کریں گے ان کےلیے دردناک عذاب (تیّار) ہے
إِنَّ ٱلَّذِينَ يُحَآدُّونَ ٱللَّهَ وَرَسُولَهُۥ كُبِتُواْ كَمَا كُبِتَ ٱلَّذِينَ مِن قَبۡلِهِمۡۚ وَقَدۡ أَنزَلۡنَآ ءَايَٰتِۭ بَيِّنَٰتٖۚ وَلِلۡكَٰفِرِينَ عَذَابٞ مُّهِينٞ
۵﴿
(اور اے لوگو، خبردار ہو جاؤ) جو لوگ اللہ اور اُس کے رسول کی مخالفت کر رہے ہیں وہ اسی طرح ذلیل ہوں گے جس طرح ان سے پہلے کے لوگ ذلیل ہوئے، ہم نے تو صاف و صریح آیتیں نازل کر دی ہیں (جو ان کا انکار کرے گا تو) انکار کرنے والوں کو ذِلّت کا عذاب ہو گا
يَوۡمَ يَبۡعَثُهُمُ ٱللَّهُ جَمِيعٗا فَيُنَبِّئُهُم بِمَا عَمِلُوٓاْۚ أَحۡصَىٰهُ ٱللَّهُ وَنَسُوهُۚ وَٱللَّهُ عَلَىٰ كُلِّ شَيۡءٖ شَهِيدٌ
۶﴿
(یہ عذاب اس دن ہو گا) جس دن اللہ ان سب کو (دوبارہ) زندہ کرے گا، پھر انھیں بتائے گا کہ وہ (دنیا میں) کیا کیا کرتے رہے تھے، اللہ نے ان (تمام اعمال) کو گِن رکھا ہے (اگرچہ) یہ اس کو بھول گئے ہوں گے اور اللہ ہر چیز کو دیکھ رہا ہے
أَلَمۡ تَرَ أَنَّ ٱللَّهَ يَعۡلَمُ مَا فِي ٱلسَّمَٰوَٰتِ وَمَا فِي ٱلۡأَرۡضِۖ مَا يَكُونُ مِن نَّجۡوَىٰ ثَلَٰثَةٍ إِلَّا هُوَ رَابِعُهُمۡ وَلَا خَمۡسَةٍ إِلَّا هُوَ سَادِسُهُمۡ وَلَآ أَدۡنَىٰ مِن ذَٰلِكَ وَلَآ أَكۡثَرَ إِلَّا هُوَ مَعَهُمۡ أَيۡنَ مَا كَانُواْۖ ثُمَّ يُنَبِّئُهُم بِمَا عَمِلُواْ يَوۡمَ ٱلۡقِيَٰمَةِۚ إِنَّ ٱللَّهَ بِكُلِّ شَيۡءٍ عَلِيمٌ
۷﴿
(اے رسول) کیا آپ کو نہیں معلوم کہ اللہ جانتا ہے (ان تمام چیزوں کو) جو آسمانوں میں ہیں اور جو زمین میں ہیں، جب تین"۳" آدمی سرگوشی کرتے ہیں تو ان میں چوتھا اللہ ہوتا ہے اور جب پانچ"۵" آدمی سرگوشی کرتے ہیں تو ان میں چھٹا اللہ ہوتا ہے، غرض یہ کہ اس سے کم ہوں یا اس سے زیادہ اللہ ان کے ساتھ ہوتا ہے خواہ وہ کہیں بھی ہوں، پھر قیامت کے دن وہ انھیں بتائے گا کہ وہ (دنیا میں) کیا کیا کرتے رہے تھے بےشک اللہ ہر چیز سے واقف ہے
أَلَمۡ تَرَ إِلَى ٱلَّذِينَ نُهُواْ عَنِ ٱلنَّجۡوَىٰ ثُمَّ يَعُودُونَ لِمَا نُهُواْ عَنۡهُ وَيَتَنَٰجَوۡنَ بِٱلۡإِثۡمِ وَٱلۡعُدۡوَٰنِ وَمَعۡصِيَتِ ٱلرَّسُولِۖ وَإِذَا جَآءُوكَ حَيَّوۡكَ بِمَا لَمۡ يُحَيِّكَ بِهِ ٱللَّهُ وَيَقُولُونَ فِيٓ أَنفُسِهِمۡ لَوۡلَا يُعَذِّبُنَا ٱللَّهُ بِمَا نَقُولُۚ حَسۡبُهُمۡ جَهَنَّمُ يَصۡلَوۡنَهَاۖ فَبِئۡسَ ٱلۡمَصِيرُ
۸﴿
(اے رسول) کیا آپ نے ان لوگوں کو نہیں دیکھا جن کو سرگوشی سے منع کیا گیا تھا لیکن وہ (باز نہیں آئے بلکہ اب بھی) وہی کام کر رہے ہیں جس سے ان کو منع کیا گیا تھا، وہ گناہ، ظلم (و زیادتی) اور رسول کی نافرمانی کےلیے سرگوشیاں کرتے رہتے ہیں، (اے رسول) جب وہ آپ کے پاس آتے ہیں تو ان الفاظ سے آپ کو سلام کرتے ہیں جن الفاظ سے اللہ نے آپ کو سلام نہیں بھیجا اور اپنے دِل میں کہتے ہیں کہ جو کچھ ہم کہہ رہے ہیں اس (کی سزا) میں اللہ ہم پر عذاب کیوں نہیں (نازل) کرتا، (اللہ تعالیٰ نے فرمایا) ان کےلیے دوزخ (کا عذاب ہی) کافی ہے، یہ لوگ اس میں داخل ہوں گے اور وہ (بہت) بُری جگہ ہے
يَـٰٓأَيُّهَا ٱلَّذِينَ ءَامَنُوٓاْ إِذَا تَنَٰجَيۡتُمۡ فَلَا تَتَنَٰجَوۡاْ بِٱلۡإِثۡمِ وَٱلۡعُدۡوَٰنِ وَمَعۡصِيَتِ ٱلرَّسُولِ وَتَنَٰجَوۡاْ بِٱلۡبِرِّ وَٱلتَّقۡوَىٰۖ وَٱتَّقُواْ ٱللَّهَ ٱلَّذِيٓ إِلَيۡهِ تُحۡشَرُونَ
۹﴿
اے ایمان والو، تم جب آپس میں سرگوشی کیا کرو تو گناہ، ظلم و زیادتی اور رسول کی نافرمانی کی سرگوشی نہ کیا کرو بلکہ نیکی اور تقوے کی (باتوں کی) سرگوشی کیا کرو اور اللہ سے ڈرتے رہو جس کی طرف تم (سب) جمع کیے جاؤ گے
إِنَّمَا ٱلنَّجۡوَىٰ مِنَ ٱلشَّيۡطَٰنِ لِيَحۡزُنَ ٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ وَلَيۡسَ بِضَآرِّهِمۡ شَيۡـًٔا إِلَّا بِإِذۡنِ ٱللَّهِۚ وَعَلَى ٱللَّهِ فَلۡيَتَوَكَّلِ ٱلۡمُؤۡمِنُونَ
۱۰﴿
(کافروں کی) سرگوشی تو (درحقیقت) شیطان کی طرف سے ہوتی ہے تاکہ وہ ایمان والوں کو فکر میں مبتلا کرے لیکن بغیر اللہ کے حکم کے وہ ان کو کچھ بھی نقصان نہیں پہنچا سکتے (اور جب یہ صُورت ہو تو) ایمان والوں کو (صرف) اللہ پر بھروسہ کرنا چاہیے
يَـٰٓأَيُّهَا ٱلَّذِينَ ءَامَنُوٓاْ إِذَا قِيلَ لَكُمۡ تَفَسَّحُواْ فِي ٱلۡمَجَٰلِسِ فَٱفۡسَحُواْ يَفۡسَحِ ٱللَّهُ لَكُمۡۖ وَإِذَا قِيلَ ٱنشُزُواْ فَٱنشُزُواْ يَرۡفَعِ ٱللَّهُ ٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ مِنكُمۡ وَٱلَّذِينَ أُوتُواْ ٱلۡعِلۡمَ دَرَجَٰتٖۚ وَٱللَّهُ بِمَا تَعۡمَلُونَ خَبِيرٞ
۱۱﴿
اے ایمان والو، جب تم سے کہا جائے کہ مجالس میں کھل کر بیٹھو تو کھل کر بیٹھ جایا کرو، اللہ تم کو کشادگی عطا فرمائے گا اور جب تم سے کہا جائے کہ مل کر بیٹھو تو مل کر بیٹھ جایا کرو (یا یہ کہا جائے کہ اٹھ جاؤ تو اٹھ جایا کرو) تم میں جو لوگ ایمان لے آئے ہیں اور (وہ) جن کو علم دیا گیا ہے اللہ ان کے درجات بلند کرے گا (اور یہ نہ سمجھنا کہ اللہ کو تمھارے کاموں کی خبر نہیں) اللہ تو جو اعمال تم کر رہے ہو (ان سب سے) باخبر ہے
يَـٰٓأَيُّهَا ٱلَّذِينَ ءَامَنُوٓاْ إِذَا نَٰجَيۡتُمُ ٱلرَّسُولَ فَقَدِّمُواْ بَيۡنَ يَدَيۡ نَجۡوَىٰكُمۡ صَدَقَةٗۚ ذَٰلِكَ خَيۡرٞ لَّكُمۡ وَأَطۡهَرُۚ فَإِن لَّمۡ تَجِدُواْ فَإِنَّ ٱللَّهَ غَفُورٞ رَّحِيمٌ
۱۲﴿
اے ایمان والو، جب تم رسول سے سرگوشی کیا کرو تو سرگوشی سے پہلے کچھ صدقہ دیا کرو، یہ تمھارے لیے بہتر اور زیادہ پاکیزگی کی بات ہے، پھر اگر تمھارے پاس (دینے کےلیے) کچھ نہ ہو (تو اللہ معاف کر دے گا) بےشک اللہ بڑا معاف کرنے والا اور بہت رحم کرنے والا ہے
ءَأَشۡفَقۡتُمۡ أَن تُقَدِّمُواْ بَيۡنَ يَدَيۡ نَجۡوَىٰكُمۡ صَدَقَٰتٖۚ فَإِذۡ لَمۡ تَفۡعَلُواْ وَتَابَ ٱللَّهُ عَلَيۡكُمۡ فَأَقِيمُواْ ٱلصَّلَوٰةَ وَءَاتُواْ ٱلزَّكَوٰةَ وَأَطِيعُواْ ٱللَّهَ وَرَسُولَهُۥۚ وَٱللَّهُ خَبِيرُۢ بِمَا تَعۡمَلُونَ
۱۳﴿
(اور اے ایمان والو) کیا سرگوشی کرنے سے پہلے صدقہ دینے سے تم ڈرگئے، اگر تم ایسا نہ کر سکے تو اللہ تم پر رحمت کے ساتھ متوجّہ ہوا (یعنی اس حکم کو منسوخ کر دیا) تو (اب کم ازکم اتنا تو کرو کہ) نماز کو قائم رکھو، زکوٰۃ دیتے رہو اور اللہ اور اُس کے رسول کی اطاعت کرتے رہو (اور یہ یقین رکھو کہ) جو کچھ تم کر رہے ہو اللہ اس سے باخبر ہے
۞أَلَمۡ تَرَ إِلَى ٱلَّذِينَ تَوَلَّوۡاْ قَوۡمًا غَضِبَ ٱللَّهُ عَلَيۡهِم مَّا هُم مِّنكُمۡ وَلَا مِنۡهُمۡ وَيَحۡلِفُونَ عَلَى ٱلۡكَذِبِ وَهُمۡ يَعۡلَمُونَ
۱۴﴿
(اے رسول) کیا آپ نے ان لوگوں کو نہیں دیکھا جو ان لوگوں سے دوستی رکھتے ہیں جن پر اللہ کا غضب ہے، نہ تو وہ تم میں شامل ہیں اور نہ ان میں (سب کو دھوکا دیتے ہیں) وہ جان بوجھ کر جھوٹی باتوں پر قسم کھاتے ہیں
أَعَدَّ ٱللَّهُ لَهُمۡ عَذَابٗا شَدِيدًاۖ إِنَّهُمۡ سَآءَ مَا كَانُواْ يَعۡمَلُونَ
۱۵﴿
ان کےلیے اللہ نے سخت عذاب تیّار کر رکھا ہے، جو کچھ یہ کر رہے ہیں وہ یقینًا (بہت) بُرا ہے
ٱتَّخَذُوٓاْ أَيۡمَٰنَهُمۡ جُنَّةٗ فَصَدُّواْ عَن سَبِيلِ ٱللَّهِ فَلَهُمۡ عَذَابٞ مُّهِينٞ
۱۶﴿
انھوں نے اپنی قسموں کو ڈھال بنا رکھا ہے اور لوگوں کو اللہ کے راستے سے روک رہے ہیں، ان کےلیے ذِلّت آمیز عذاب ہے
لَّن تُغۡنِيَ عَنۡهُمۡ أَمۡوَٰلُهُمۡ وَلَآ أَوۡلَٰدُهُم مِّنَ ٱللَّهِ شَيۡـًٔاۚ أُوْلَـٰٓئِكَ أَصۡحَٰبُ ٱلنَّارِۖ هُمۡ فِيهَا خَٰلِدُونَ
۱۷﴿
(اللہ کے عذاب سے بچنے کےلیے) ان کے مال اور ان کی اولاد ان کے کچھ بھی کام نہ آئے گی، یہ لوگ دوزخی ہیں (اور) دوزخ میں ہمیشہ رہیں گے
يَوۡمَ يَبۡعَثُهُمُ ٱللَّهُ جَمِيعٗا فَيَحۡلِفُونَ لَهُۥ كَمَا يَحۡلِفُونَ لَكُمۡ وَيَحۡسَبُونَ أَنَّهُمۡ عَلَىٰ شَيۡءٍۚ أَلَآ إِنَّهُمۡ هُمُ ٱلۡكَٰذِبُونَ
۱۸﴿
(اور اے ایمان والو) جس دن اللہ ان سب کو دوبارہ زندہ کرے گا تو اُس کے سامنے بھی اسی طرح قسمیں کھائیں گے جس طرح تمھارے سامنے کھاتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ وہ کوئی اچّھا کام کر رہے ہیں، خبردار ہو جاؤ کہ یہ (بڑے) جھوٹے ہیں
ٱسۡتَحۡوَذَ عَلَيۡهِمُ ٱلشَّيۡطَٰنُ فَأَنسَىٰهُمۡ ذِكۡرَ ٱللَّهِۚ أُوْلَـٰٓئِكَ حِزۡبُ ٱلشَّيۡطَٰنِۚ أَلَآ إِنَّ حِزۡبَ ٱلشَّيۡطَٰنِ هُمُ ٱلۡخَٰسِرُونَ
۱۹﴿
شیطان نے ان پر قابو پالیا ہے اور اللہ کے ذِکر سے غافل کر دیا ہے، یہ شیطان کا لشکر ہیں (اور) خبردار ہو جاؤ کہ شیطان کا لشکر نقصان اٹھانے والا ہے
إِنَّ ٱلَّذِينَ يُحَآدُّونَ ٱللَّهَ وَرَسُولَهُۥٓ أُوْلَـٰٓئِكَ فِي ٱلۡأَذَلِّينَ
۲۰﴿
بےشک جو لوگ اللہ اور اُس کے رسول کی مخالفت کرتے ہیں وہ ذلیل ترین لوگوں میں (شامل) ہوں گے
كَتَبَ ٱللَّهُ لَأَغۡلِبَنَّ أَنَا۠ وَرُسُلِيٓۚ إِنَّ ٱللَّهَ قَوِيٌّ عَزِيزٞ
۲۱﴿
اللہ نے تو لکھ رکھا ہے کہ میں اور میرے رسول ہی غالب ہوں گے، بےشک اللہ قوی اور زبردست ہے
لَّا تَجِدُ قَوۡمٗا يُؤۡمِنُونَ بِٱللَّهِ وَٱلۡيَوۡمِ ٱلۡأٓخِرِ يُوَآدُّونَ مَنۡ حَآدَّ ٱللَّهَ وَرَسُولَهُۥ وَلَوۡ كَانُوٓاْ ءَابَآءَهُمۡ أَوۡ أَبۡنَآءَهُمۡ أَوۡ إِخۡوَٰنَهُمۡ أَوۡ عَشِيرَتَهُمۡۚ أُوْلَـٰٓئِكَ كَتَبَ فِي قُلُوبِهِمُ ٱلۡإِيمَٰنَ وَأَيَّدَهُم بِرُوحٖ مِّنۡهُۖ وَيُدۡخِلُهُمۡ جَنَّـٰتٖ تَجۡرِي مِن تَحۡتِهَا ٱلۡأَنۡهَٰرُ خَٰلِدِينَ فِيهَاۚ رَضِيَ ٱللَّهُ عَنۡهُمۡ وَرَضُواْ عَنۡهُۚ أُوْلَـٰٓئِكَ حِزۡبُ ٱللَّهِۚ أَلَآ إِنَّ حِزۡبَ ٱللَّهِ هُمُ ٱلۡمُفۡلِحُونَ
۲۲﴿
(اے رسول) آپ ایسی قوم نہیں پائیں گے جو اللہ پر اور یومِ آخرت (یعنی قیامت کے دن) پر ایمان رکھتی ہو پھر وہ ان لوگوں سے دوستی رکھے جو اللہ اور اُس کے رسول کی مخالفت کرتے ہیں خواہ وہ ان کے باپ، بیٹے، بھائی اور خاندان کے لوگ ہی کیوں نہ ہوں، یہ (ایمان والے) وہ لوگ ہیں کہ اللہ نے ان کے دِلوں میں ایمان کو تحریر کر دیا ہے اور اپنی وحی سے ان کی تائید کی ہے، اللہ ان کو ایسی جنتوں میں داخل کرے گا جن کے نیچے نہریں بہہ رہی ہیں، اللہ ان سے خوش ہو گا، وہ اللہ سے خوش ہوں گے، یہ ہی لوگ اللہ کا لشکر ہیں (اور) خبردار ہو جاؤ اللہ کا لشکر ہی فلاح پائے گا

Share This Surah, Choose Your Platform!