Al-Hijrسُوۡرَةُ الحِجر

بِسۡمِ ٱللَّهِ ٱلرَّحۡمَٰنِ ٱلرَّحِيمِ
.﴿
بے حد مہربان اور بہت رحم کرنے والے اللہ کے نام کے ساتھ
الٓر‌ۚ تِلۡكَ ءَايَٰتُ ٱلۡكِتَٰبِ وَقُرۡءَانٖ مُّبِينٖ
۱﴿
الٓرٰ، یہ (اللہ کی) کتاب یعنی قرآن مبین کی آیتیں ہیں (جو اے رسول، آپ کی طرف وحی کی جا رہی ہیں)
رُّبَمَا يَوَدُّ ٱلَّذِينَ كَفَرُواْ لَوۡ كَانُواْ مُسۡلِمِينَ
۲﴿
ایک وقت آنے والا ہے جب کافر یہ تمنّا کریں گے کاش! وہ مسلم ہوتے
ذَرۡهُمۡ يَأۡكُلُواْ وَيَتَمَتَّعُواْ وَيُلۡهِهِمُ ٱلۡأَمَلُ‌ۖ فَسَوۡفَ يَعۡلَمُونَ
۳﴿
(اے رسول) آپ انھیں (ان کے حال پر) چھوڑ دیجیے تاکہ یہ (خوب) کھائیں (پییں) اور فائدہ اٹھا لیں اور (لمبی لمبی) امیدیں انھیں (آخرت سے) غافل کر دیں، پھر (قیامت کے دن تو) انھیں معلوم ہو ہی جائے گا (کہ کفر کا انجام کیا ہوتا ہے)
وَمَآ أَهۡلَكۡنَا مِن قَرۡيَةٍ إِلَّا وَلَهَا كِتَابٞ مَّعۡلُومٞ
۴﴿
اور (اے رسول) ہم نے جس بستی کو بھی ہلاک کیا اس (کے ہلاک ہونے) کا مقرّرہ وقت (پہلے سے) لکھا ہوا تھا
مَّا تَسۡبِقُ مِنۡ أُمَّةٍ أَجَلَهَا وَمَا يَسۡتَـٔۡخِرُونَ
۵﴿
کوئی قوم نہ اپنے وقتِ مقرّرہ سے آ گے بڑھ سکتی ہے اور نہ پیچھے رہ سکتی ہے
وَقَالُواْ يَـٰٓأَيُّهَا ٱلَّذِي نُزِّلَ عَلَيۡهِ ٱلذِّكۡرُ إِنَّكَ لَمَجۡنُونٞ
۶﴿
اور (اے رسول، یہ کافر آپ سے) کہتے ہیں کہ اے وہ شخص جس (کا دعویٰ ہے کہ اس) پر (اللہ کی طرف سے) نصیحت نازل ہوئی ہے آپ دیوانے ہیں
لَّوۡ مَا تَأۡتِينَا بِٱلۡمَلَـٰٓئِكَةِ إِن كُنتَ مِنَ ٱلصَّـٰدِقِينَ
۷﴿
(اور) اگر آپ (اپنے دعوے میں) سچّے ہیں تو ہمارے پاس فرشتوں کو کیوں نہیں لے آتے
مَا نُنَزِّلُ ٱلۡمَلَـٰٓئِكَةَ إِلَّا بِٱلۡحَقِّ وَمَا كَانُوٓاْ إِذٗا مُّنظَرِينَ
۸﴿
(اے رسول) ہم فرشتوں کو حق کے ساتھ (مناسب وقت پر ہی) نازل کرتے ہیں، پھر اس وقت کافروں کو مُہلت نہیں دی جاتی
إِنَّا نَحۡنُ نَزَّلۡنَا ٱلذِّكۡرَ وَإِنَّا لَهُۥ لَحَٰفِظُونَ
۹﴿
(اور اے رسول) یہ نصیحت ہم ہی نے نازل کی ہے اور ہم ہی اس کے محافظ ہیں
وَلَقَدۡ أَرۡسَلۡنَا مِن قَبۡلِكَ فِي شِيَعِ ٱلۡأَوَّلِينَ
۱۰﴿
اور (اے رسول) آپ سے پہلے بھی ہم گزشتہ امّتوں میں رسول بھیجتے رہے
وَمَا يَأۡتِيهِم مِّن رَّسُولٍ إِلَّا كَانُواْ بِهِۦ يَسۡتَهۡزِءُونَ
۱۱﴿
پھر ہوا یہ ہی کہ جب کبھی بھی ان کے پاس رسول آیا وہ اس کا مذاق اڑاتے رہے
كَذَٰلِكَ نَسۡلُكُهُۥ فِي قُلُوبِ ٱلۡمُجۡرِمِينَ
۱۲﴿
اسی طرح ہم ان گناہ گاروں کے دِلوں میں بھی تمسخّر (اور ہٹ دھرمی) داخل کر رہے ہیں
لَا يُؤۡمِنُونَ بِهِۦ وَقَدۡ خَلَتۡ سُنَّةُ ٱلۡأَوَّلِينَ
۱۳﴿
تو یہ اس (قرآن) پر ایمان نہیں لائیں گے اور اگلے لوگوں کا طریقہ بھی یہ ہی رہا ہے (کہ وہ ایمان نہیں لاتے تھے بلکہ مذاق اڑاتے تھے، آپ کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے ایسا ہوتا آیا ہے، یہ کوئی انوکھی بات نہیں ہے)
وَلَوۡ فَتَحۡنَا عَلَيۡهِم بَابٗا مِّنَ ٱلسَّمَآءِ فَظَلُّواْ فِيهِ يَعۡرُجُونَ
۱۴﴿
اور (اے رسول) اگر ہم ان پر آسمان کا کوئی دروازہ کھول دیں اور یہ اس دروازے سے (آسمان پر) چڑھ جائیں (تب بھی یہ لوگ ایمان نہیں لائیں گے)
لَقَالُوٓاْ إِنَّمَا سُكِّرَتۡ أَبۡصَٰرُنَا بَلۡ نَحۡنُ قَوۡمٞ مَّسۡحُورُونَ
۱۵﴿
کہیں گے کہ ہماری آنکھیں مخمور ہو گئی ہیں بلکہ ہم پر جادو کر دیا گیا ہے (حقیقت سے اس کا دور کا بھی واسطہ نہیں)
وَلَقَدۡ جَعَلۡنَا فِي ٱلسَّمَآءِ بُرُوجٗا وَزَيَّنَّـٰهَا لِلنَّـٰظِرِينَ
۱۶﴿
اور (اے لوگو، ہماری توحید اور قدرت کے اثبات کےلیے معجزے کی ضرورت ہی کیا ہے، کائنات میں ہماری توحید اور قدرت کی بے شمار نشانیاں موجود ہیں) ہم ہی نے آسمان میں بُرج بنائے اور دیکھنے والوں کےلیے اسے مزیّن کر دیا
وَحَفِظۡنَٰهَا مِن كُلِّ شَيۡطَٰنٖ رَّجِيمٍ
۱۷﴿
ہم ہی نے ہر مردود شیطان سے اسے محفوظ کر دیا (کوئی شیطان آسمانی باتیں سن نہیں سکتا)
إِلَّا مَنِ ٱسۡتَرَقَ ٱلسَّمۡعَ فَأَتۡبَعَهُۥ شِهَابٞ مُّبِينٞ
۱۸﴿
اگر کوئی شیطان چوری چُھپے کچھ سننا چاہے تو چمکتی ہوئی چنگاری اس کا پیچھا کرتی ہے
وَٱلۡأَرۡضَ مَدَدۡنَٰهَا وَأَلۡقَيۡنَا فِيهَا رَوَٰسِيَ وَأَنۢبَتۡنَا فِيهَا مِن كُلِّ شَيۡءٖ مَّوۡزُونٖ
۱۹﴿
ہم ہی نے زمین کو پھیلا دیا، ہم ہی نے اس میں پہاڑوں کو گاڑ دیا اور ہم ہی نے اس میں موزوں (و مناسب) چیزوں کو اگایا
وَجَعَلۡنَا لَكُمۡ فِيهَا مَعَٰيِشَ وَمَن لَّسۡتُمۡ لَهُۥ بِرَٰزِقِينَ
۲۰﴿
ہم ہی نے زمین میں تمھارے لیے اور نہ صرف تمھارے لیے بلکہ ان جان داروں کےلیے بھی جن کو تم روزی نہیں دیتے سامانِ معیشت پیدا کیا
وَإِن مِّن شَيۡءٍ إِلَّا عِندَنَا خَزَآئِنُهُۥ وَمَا نُنَزِّلُهُۥٓ إِلَّا بِقَدَرٖ مَّعۡلُومٖ
۲۱﴿
اور کوئی چیز ایسی نہیں جس کے خزانے ہمارے پاس موجود نہ ہوں لیکن ہم اس کو مقرّرہ مقدار میں اتارتے ہیں
وَأَرۡسَلۡنَا ٱلرِّيَٰحَ لَوَٰقِحَ فَأَنزَلۡنَا مِنَ ٱلسَّمَآءِ مَآءٗ فَأَسۡقَيۡنَٰكُمُوهُ وَمَآ أَنتُمۡ لَهُۥ بِخَٰزِنِينَ
۲۲﴿
ہم بوجھل ہواؤں کو چلاتے ہیں، ہم ہی بادل سے پانی برساتے ہیں، پھر ہم ہی تم کو وہ پانی پلاتے ہیں حالانکہ تم اس کو جمع کر کے نہیں رکھتے
وَإِنَّا لَنَحۡنُ نُحۡيِۦ وَنُمِيتُ وَنَحۡنُ ٱلۡوَٰرِثُونَ
۲۳﴿
ہم ہی زندہ کرتے ہیں، ہم ہی مارتے ہیں اور ہم ہی (تم سب کے) وارث ہیں
وَلَقَدۡ عَلِمۡنَا ٱلۡمُسۡتَقۡدِمِينَ مِنكُمۡ وَلَقَدۡ عَلِمۡنَا ٱلۡمُسۡتَـٔۡخِرِينَ
۲۴﴿
جو لوگ تم سے پہلے آچکے ہیں ہم ان کو بھی جانتے ہیں اور جو (تمھارے بعد) آنے والے ہیں ان کو بھی جانتے ہیں
وَإِنَّ رَبَّكَ هُوَ يَحۡشُرُهُمۡ‌ۚ إِنَّهُۥ حَكِيمٌ عَلِيمٞ
۲۵﴿
اور (اے رسول) آپ کا ربّ (قیامت کے دن) ان سب کو جمع کرے گا، بےشک وہ حکمت والا اور جاننے والا ہے
وَلَقَدۡ خَلَقۡنَا ٱلۡإِنسَٰنَ مِن صَلۡصَٰلٖ مِّنۡ حَمَإٖ مَّسۡنُونٖ
۲۶﴿
ہم ہی نے انسان کو کھنکھناتے ہوئے کالے اور سڑے ہوئے گارے سے پیدا کیا
وَٱلۡجَآنَّ خَلَقۡنَٰهُ مِن قَبۡلُ مِن نَّارِ ٱلسَّمُومِ
۲۷﴿
اور اس سے پہلے ہم ہی نے جنّات کو لُو کی آگ سے پیدا کیا
وَإِذۡ قَالَ رَبُّكَ لِلۡمَلَـٰٓئِكَةِ إِنِّي خَٰلِقُۢ بَشَرٗا مِّن صَلۡصَٰلٖ مِّنۡ حَمَإٖ مَّسۡنُونٖ
۲۸﴿
اور (اے رسول، وہ وقت یاد کیجیے) جب آپ کے ربّ نے فرشتوں سے کہا کہ میں ایک انسان کو کھنکھناتے ہوئے کالے اور سٹرے ہوئے گارے سے بنانے والا ہوں
فَإِذَا سَوَّيۡتُهُۥ وَنَفَخۡتُ فِيهِ مِن رُّوحِي فَقَعُواْ لَهُۥ سَٰجِدِينَ
۲۹﴿
تو جب میں اس کو مناسب شکل دے دوں اور اس میں اپنی روح پھونک دوں تو تم سب اس کے آگے سجدے میں گر پڑنا
فَسَجَدَ ٱلۡمَلَـٰٓئِكَةُ كُلُّهُمۡ أَجۡمَعُونَ
۳۰﴿
پھر (ایسا ہی ہوا) تمام فرشتوں نے تو (حسبِ ارشادِ الہٰی) سجدہ کیا
إِلَّآ إِبۡلِيسَ أَبَىٰٓ أَن يَكُونَ مَعَ ٱلسَّـٰجِدِينَ
۳۱﴿
مگر ابلیس نے سجدہ نہیں کیا
قَالَ يَـٰٓإِبۡلِيسُ مَا لَكَ أَلَّا تَكُونَ مَعَ ٱلسَّـٰجِدِينَ
۳۲﴿
اللہ نے فرمایا اے ابلیس، تجھے کیا ہوا کہ تو سجدہ کرنے والوں میں شامل نہیں ہوا
قَالَ لَمۡ أَكُن لِّأَسۡجُدَ لِبَشَرٍ خَلَقۡتَهُۥ مِن صَلۡصَٰلٖ مِّنۡ حَمَإٖ مَّسۡنُونٖ
۳۳﴿
ابلیس نے کہا میں ایسے انسان کو سجدہ نہیں کر سکتا جس کو تو نے کھنکھناتے ہوئے کالے اور سڑے ہوئے گارے سے بنایا
قَالَ فَٱخۡرُجۡ مِنۡهَا فَإِنَّكَ رَجِيمٞ
۳۴﴿
اللہ نے فرمایا (یہاں سے) نکل جا (آج سے) تو راندۂ درگاہ ہے
وَإِنَّ عَلَيۡكَ ٱللَّعۡنَةَ إِلَىٰ يَوۡمِ ٱلدِّينِ
۳۵﴿
تجھ پر روزِ جزا تک لعنت (اور پھٹکار برستی) رہے گی
قَالَ رَبِّ فَأَنظِرۡنِيٓ إِلَىٰ يَوۡمِ يُبۡعَثُونَ
۳۶﴿
ابلیس نے کہا اے میرے ربّ مجھے اس دن تک مُہلت دے دے جس دن تمام لوگ دوبارہ زندہ کیے جائیں گے
قَالَ فَإِنَّكَ مِنَ ٱلۡمُنظَرِينَ
۳۷﴿
اللہ نے فرمایا تجھے مُہلت دی جاتی ہے
إِلَىٰ يَوۡمِ ٱلۡوَقۡتِ ٱلۡمَعۡلُومِ
۳۸﴿
(یہ مُہلت) مقرّرہ میعاد کے دن تک (رہے گی)
قَالَ رَبِّ بِمَآ أَغۡوَيۡتَنِي لَأُزَيِّنَنَّ لَهُمۡ فِي ٱلۡأَرۡضِ وَلَأُغۡوِيَنَّهُمۡ أَجۡمَعِينَ
۳۹﴿
ابلیس نے کہا اے میرے ربّ تو نے مجھے گمراہ کیا ہے میں بھی اسی طرح زمین میں لوگوں کےلیے (دنیا اور گناہ کو) مزیّن کروں گا اور ان سب کو گمراہ کردوں گا
إِلَّا عِبَادَكَ مِنۡهُمُ ٱلۡمُخۡلَصِينَ
۴۰﴿
مگر ہاں ان میں سے جو تیرے پسندیدہ بندے ہیں (وہ میرے چنگل سے بچ جائیں گے)
قَالَ هَٰذَا صِرَٰطٌ عَلَيَّ مُسۡتَقِيمٌ
۴۱﴿
اللہ نے فرمایا یہ (میرا) سیدھا راستہ (ہی) مجھ تک پہنچتا ہے
إِنَّ عِبَادِي لَيۡسَ لَكَ عَلَيۡهِمۡ سُلۡطَٰنٌ إِلَّا مَنِ ٱتَّبَعَكَ مِنَ ٱلۡغَاوِينَ
۴۲﴿
میرے بندے (جو اس راستے پر خلوص کے ساتھ چلیں گے) ان پر تو قابو نہیں پا سکے گا البتّہ گمراہوں میں سے جو تیری پیروی کریں گے (ان ہی پر تیرا قابو چلے گا)
وَإِنَّ جَهَنَّمَ لَمَوۡعِدُهُمۡ أَجۡمَعِينَ
۴۳﴿
اور (جن پر تیرا قابو چلے گا تو ایسے) تمام لوگوں کےلیے جس جگہ کا وعدہ کیا گیا ہے وہ دوزخ ہے
لَهَا سَبۡعَةُ أَبۡوَٰبٖ لِّكُلِّ بَابٖ مِّنۡهُمۡ جُزۡءٞ مَّقۡسُومٌ
۴۴﴿
اس کے سات"۷" دروازے ہیں اور ہر دروازے کےلیے ان لوگوں میں سے ایک حصّہ مقرّر ہے
إِنَّ ٱلۡمُتَّقِينَ فِي جَنَّـٰتٖ وَعُيُونٍ
۴۵﴿
متّقین باغوں اور چشموں میں (شاداں و فرحاں) ہوں گے
ٱدۡخُلُوهَا بِسَلَٰمٍ ءَامِنِينَ
۴۶﴿
(قیامت کے دن ان سے کہا جائے گا) ان باغوں میں سلامتی اور امن کے ساتھ داخل ہو جاؤ
وَنَزَعۡنَا مَا فِي صُدُورِهِم مِّنۡ غِلٍّ إِخۡوَٰنًا عَلَىٰ سُرُرٖ مُّتَقَٰبِلِينَ
۴۷﴿
ہم ان کے دِلوں سے بغض و کینہ کو نکال دیں گے (پھر) وہ ایک دوسرے کے سامنے تختوں پر اس طرح بیٹھے ہوں گے گویا کہ وہ بھائی بھائی ہیں
لَا يَمَسُّهُمۡ فِيهَا نَصَبٞ وَمَا هُم مِّنۡهَا بِمُخۡرَجِينَ
۴۸﴿
نہ انھیں وہاں کوئی تکلیف پہنچے گی اور نہ وہ وہاں سے (کبھی) نکالے جائیں گے
۞نَبِّئۡ عِبَادِيٓ أَنِّيٓ أَنَا ٱلۡغَفُورُ ٱلرَّحِيمُ
۴۹﴿
(اور اے رسول) میرے بندوں کو بتا دیجیے کہ میں بہت بخشنے والا اور بہت رحم کرنے والا ہوں
وَأَنَّ عَذَابِي هُوَ ٱلۡعَذَابُ ٱلۡأَلِيمُ
۵۰﴿
اور یہ کہ میرا عذاب بڑا دردناک عذاب ہے
وَنَبِّئۡهُمۡ عَن ضَيۡفِ إِبۡرَٰهِيمَ
۵۱﴿
اور (اے رسول) ان کو ابراہیم کے مہمانوں کا حال سنایے
إِذۡ دَخَلُواْ عَلَيۡهِ فَقَالُواْ سَلَٰمٗا قَالَ إِنَّا مِنكُمۡ وَجِلُونَ
۵۲﴿
جب مہمان ان کے پاس پہنچے تو انھوں نے سلام کیا ابراہیم نے کہا ہمیں آپ سے ڈر معلوم ہوتا ہے
قَالُواْ لَا تَوۡجَلۡ إِنَّا نُبَشِّرُكَ بِغُلَٰمٍ عَلِيمٖ
۵۳﴿
مہمانوں نے کہا آپ ڈریے نہیں، ہم آپ کو ایک ذِی علم لڑکے کے پیدا ہونے کی خوش خبری سناتے ہیں
قَالَ أَبَشَّرۡتُمُونِي عَلَىٰٓ أَن مَّسَّنِيَ ٱلۡكِبَرُ فَبِمَ تُبَشِّرُونَ
۵۴﴿
ابراہیم نے کہا کیا تم مجھے ایسی حالت میں خوش خبری سنا رہے ہو کہ میں بوڑھا ہو گیا ہوں، اب کیسی خوش خبری (اب کیسے لڑکا ہو گا)
قَالُواْ بَشَّرۡنَٰكَ بِٱلۡحَقِّ فَلَا تَكُن مِّنَ ٱلۡقَٰنِطِينَ
۵۵﴿
مہمانوں نے کہا ہم آپ کو حق کے ساتھ خوش خبری سنا رہے ہیں لہٰذا آپ مایوس نہ ہوں
قَالَ وَمَن يَقۡنَطُ مِن رَّحۡمَةِ رَبِّهِۦٓ إِلَّا ٱلضَّآلُّونَ
۵۶﴿
ابراہیم نے کہا سوائے گمراہوں کے اپنے ربّ کی رحمت سے کون مایوس ہو سکتا ہے
قَالَ فَمَا خَطۡبُكُمۡ أَيُّهَا ٱلۡمُرۡسَلُونَ
۵۷﴿
پھر ابراہیم نے کہا اے فرشتو (اچّھا یہ بتاؤ کہ) تمھارے آنے کا (اور) کیا مقصد ہے
قَالُوٓاْ إِنَّآ أُرۡسِلۡنَآ إِلَىٰ قَوۡمٖ مُّجۡرِمِينَ
۵۸﴿
فرشتوں نے کہا ہم مجرم لوگوں کی طرف بھیجے گئے ہیں (تاکہ ان سب کو ہلاک کر دیں)
إِلَّآ ءَالَ لُوطٍ إِنَّا لَمُنَجُّوهُمۡ أَجۡمَعِينَ
۵۹﴿
سوائے لوط کے گھر والوں کے، ان سب کو ہم (مجرموں کی بستی سے نکال کر ہلاکت سے) بچالیں گے
ِلَّا ٱمۡرَأَتَهُۥ قَدَّرۡنَآ إِنَّهَا لَمِنَ ٱلۡغَٰبِرِينَ
۶۰﴿
البتّہ لوط کی بیوی (ہلاکت سے نہیں بچے گی) ہمارا فیصلہ ہے کہ وہ پیچھے رہ جانے والوں میں سے ہو گی (اور ہلاک ہو جائے گی)
فَلَمَّا جَآءَ ءَالَ لُوطٍ ٱلۡمُرۡسَلُونَ
۶۱﴿
الغرض جب وہ فرشتے لوط کے گھر والوں کے پاس پہنچے
قَالَ إِنَّكُمۡ قَوۡمٞ مُّنكَرُونَ
۶۲﴿
(تو) لوط نے (ان سے) کہا تم اجنبی لوگ معلوم ہوتے ہو
قَالُواْ بَلۡ جِئۡنَٰكَ بِمَا كَانُواْ فِيهِ يَمۡتَرُونَ
۶۳﴿
انھوں نے کہا نہیں (ہم اجنبی یا دشمن نہیں ہیں) بلکہ (ہم تو فرشتے ہیں) ہم تو وہ (عذاب) لے کر آئے ہیں جس کے متعلّق (تمھاری قوم کے) لوگ شک کرتے تھے
وَأَتَيۡنَٰكَ بِٱلۡحَقِّ وَإِنَّا لَصَٰدِقُونَ
۶۴﴿
ہم آپ کے پاس حق کے ساتھ آئے ہیں اور ہم (اس بیان میں بالکل) سچّے ہیں
فَأَسۡرِ بِأَهۡلِكَ بِقِطۡعٖ مِّنَ ٱلَّيۡلِ وَٱتَّبِعۡ أَدۡبَٰرَهُمۡ وَلَا يَلۡتَفِتۡ مِنكُمۡ أَحَدٞ وَٱمۡضُواْ حَيۡثُ تُؤۡمَرُونَ
۶۵﴿
(عذاب آنے والا ہے) لہٰذا آپ کچھ رات میں اپنے گھروالوں کو لے کر یہاں سے چلے جایے، آپ ان (سب) کے پیچھے رہیے، آپ لوگوں میں سے کوئی شخص اِدھر اُدھر مُڑ کر نہ دیکھے اور جہاں جانے کا آپ لوگوں کو حکم دیا گیا ہے وہاں (سیدھے) چلے جایے
وَقَضَيۡنَآ إِلَيۡهِ ذَٰلِكَ ٱلۡأَمۡرَ أَنَّ دَابِرَ هَـٰٓؤُلَآءِ مَقۡطُوعٞ مُّصۡبِحِينَ
۶۶﴿
اور (اے رسول) ہم نے لوط کو یہ بات بتا دی تھی کہ صبح ہوتے ہوتے ان تمام لوگوں کی جَڑ کاٹ دی جائے گی
وَجَآءَ أَهۡلُ ٱلۡمَدِينَةِ يَسۡتَبۡشِرُونَ
۶۷﴿
اور (اے رسول، جب ہمارے فرشتے لوط کے پاس پہنچے تو) شہر والے (ان کو دیکھ کر) خوشی خوشی (لوط کے پاس) آئے
قَالَ إِنَّ هَـٰٓؤُلَآءِ ضَيۡفِي فَلَا تَفۡضَحُونِ
۶۸﴿
لوط نے کہا (اے لوگو) یہ میرے مہمان ہیں لہٰذا (ان کے ساتھ بُرا ارادہ کر کے) مجھے رُسوا نہ کرو
وَٱتَّقُواْ ٱللَّهَ وَلَا تُخۡزُونِ
۶۹﴿
اے لوگو، اللہ سے ڈرو اور مجھے بے آبرو نہ کرو
قَالُوٓاْ أَوَ لَمۡ نَنۡهَكَ عَنِ ٱلۡعَٰلَمِينَ
۷۰﴿
انھوں نے کہا کیا ہم نے آپ کو منع نہیں کیا کہ آپ دنیا جہاں کے لوگوں کو ہم سے بچانے کی کوشش نہ کیا کریں
قَالَ هَـٰٓؤُلَآءِ بَنَاتِيٓ إِن كُنتُمۡ فَٰعِلِينَ
۷۱﴿
لوط نے کہا اگر تمھیں (کچھ) کرنا ہی ہے تو یہ میری (قوم کی) لڑکیاں موجود ہیں (ان سے نکاح کر لو)
لَعَمۡرُكَ إِنَّهُمۡ لَفِي سَكۡرَتِهِمۡ يَعۡمَهُونَ
۷۲﴿
(لیکن اے رسول، وہ کب ماننے والے تھے) وہ تو آپ کی جان کی قسم، اپنی مستی میں بدحواس ہو رہے تھے
فَأَخَذَتۡهُمُ ٱلصَّيۡحَةُ مُشۡرِقِينَ
۷۳﴿
الغرض صبح ہوتے ہوتے ایک چنگھاڑ نے انھیں آ دبوچا
فَجَعَلۡنَا عَٰلِيَهَا سَافِلَهَا وَأَمۡطَرۡنَا عَلَيۡهِمۡ حِجَارَةٗ مِّن سِجِّيلٍ
۷۴﴿
پھر ہم نے اس (بستی) کو (اُلٹ کر) زیر و زبر کر دیا اور ان پر سنگِ گل کے پتّھر برسائے
إِنَّ فِي ذَٰلِكَ لَأٓيَٰتٖ لِّلۡمُتَوَسِّمِينَ
۷۵﴿
بےشک اس قصّے میں عقل مندوں کےلیے (بڑی) نشانی ہے
وَإِنَّهَا لَبِسَبِيلٖ مُّقِيمٍ
۷۶﴿
اور (اے رسول) وہ بستی تو ابھی تک سیدھے راستے پر موجود ہے (اور عبرت کا ایک عجیب منظر پیش کرتی ہے)
إِنَّ فِي ذَٰلِكَ لَأٓيَةٗ لِّلۡمُؤۡمِنِينَ
۷۷﴿
بےشک اس (بستی کے مناظر) میں ایمان والوں کےلیے (بڑی) نشانی ہے
وَإِن كَانَ أَصۡحَٰبُ ٱلۡأَيۡكَةِ لَظَٰلِمِينَ
۷۸﴿
اور (اے رسول) قومِ لوط کی طرح بَن والے بھی بڑے ظالم تھے
فَٱنتَقَمۡنَا مِنۡهُمۡ وَإِنَّهُمَا لَبِإِمَامٖ مُّبِينٖ
۷۹﴿
ہم نے ان سے بھی انتقام لیا (اور ان کی بستی کو تباہ کر دیا، ان کی بستی اور قومِ لوط کی بستی) یہ دونوں بستیاں (ابھی تک) شارع عام پر موجود ہیں (اور عبرت کا عجیب سماں پیش کرتی ہیں)
وَلَقَدۡ كَذَّبَ أَصۡحَٰبُ ٱلۡحِجۡرِ ٱلۡمُرۡسَلِينَ
۸۰﴿
اور (اے رسول، ان ہی قوموں کی طرح) اصحابِ حجر نے بھی (اپنے) رسولوں کو جھٹلایا
وَءَاتَيۡنَٰهُمۡ ءَايَٰتِنَا فَكَانُواْ عَنۡهَا مُعۡرِضِينَ
۸۱﴿
ہم نے ان کو اپنی آیات بھی دیں لیکن انھوں نے ان سے بھی منھ پھیر لیا
وَكَانُواْ يَنۡحِتُونَ مِنَ ٱلۡجِبَالِ بُيُوتًا ءَامِنِينَ
۸۲﴿
وہ بڑے اطمینان سے پہاڑوں کو تراش تراش کر گھر بناتے رہے
فَأَخَذَتۡهُمُ ٱلصَّيۡحَةُ مُصۡبِحِينَ
۸۳﴿
(بالآ خر جب وہ نہیں مانے) تو صبح ہوتے ہوتے ان کو سخت آواز نے آ دبوچا
فَمَآ أَغۡنَىٰ عَنۡهُم مَّا كَانُواْ يَكۡسِبُونَ
۸۴﴿
تو جو کچھ عمل وہ کرتے رہے تھے ان کے کچھ کام نہ آیا
وَمَا خَلَقۡنَا ٱلسَّمَٰوَٰتِ وَٱلۡأَرۡضَ وَمَا بَيۡنَهُمَآ إِلَّا بِٱلۡحَقِّ‌ۗ وَإِنَّ ٱلسَّاعَةَ لَأٓتِيَةٞ‌ۖ فَٱصۡفَحِ ٱلصَّفۡحَ ٱلۡجَمِيلَ
۸۵﴿
اور (اے رسول) ہم نے آسمانوں کو اور زمین کو اور جو کچھ ان دونوں کے درمیان ہے سب کو حق کے ساتھ بنایا ہے (بے مقصد نہیں بنایا) بےشک قیامت (ایک دن) ضرور آنے والی ہے (ہم ضرور اس دن ان کافروں سے بدلہ لیں گے) لہٰذا (اس دنیا کی زندگی میں) آپ ان کو خوب صُورتی کے ساتھ درگزر کرتے رہیے
إِنَّ رَبَّكَ هُوَ ٱلۡخَلَّـٰقُ ٱلۡعَلِيمُ
۸۶﴿
بےشک آپ کا ربّ ہی پیدا کرنے والا اور علم والا ہے
وَلَقَدۡ ءَاتَيۡنَٰكَ سَبۡعٗا مِّنَ ٱلۡمَثَانِي وَٱلۡقُرۡءَانَ ٱلۡعَظِيمَ
۸۷﴿
بےشک ہم نے آپ کو دہرائی جانے والی سات۷آیتیں اور قرآن عظیم عطا کیا ہے (یہ ایک بہت بڑی نعمت ہے جو ہم نے آپ کو عطا کی ہے)
لَا تَمُدَّنَّ عَيۡنَيۡكَ إِلَىٰ مَا مَتَّعۡنَا بِهِۦٓ أَزۡوَٰجٗا مِّنۡهُمۡ وَلَا تَحۡزَنۡ عَلَيۡهِمۡ وَٱخۡفِضۡ جَنَاحَكَ لِلۡمُؤۡمِنِينَ
۸۸﴿
(لہٰذا) اس مال کی طرف جس مال سے کافروں کی بعض جماعتوں کو ہم نے بہرہ اندوز کیا ہے آپ نظر اٹھا کر بھی نہ دیکھیں اور نہ ان (کی حالت) پر افسوس کریں اور (اے رسول) مومنین کےلیے (خواہ وہ غریب ہی کیوں نہ ہوں) اپنا بازو جُھکا دیں (ان سے خاطر، مدارات کے ساتھ پیش آئیں)
وَقُلۡ إِنِّيٓ أَنَا ٱلنَّذِيرُ ٱلۡمُبِينُ
۸۹﴿
اور (اے رسول) آپ کہہ دیجیے کہ میں تو علَی الاعلان (تم سب کو) ڈرانے والا ہوں
كَمَآ أَنزَلۡنَا عَلَى ٱلۡمُقۡتَسِمِينَ
۹۰﴿
اور (اے لوگو، یہ کتاب ہم نے تم پر اسی طرح نازل کی ہے) جس طرح (تم سے پہلے) تقسیم کرنے والوں پر نازل کی تھی
ٱلَّذِينَ جَعَلُواْ ٱلۡقُرۡءَانَ عِضِينَ
۹۱﴿
جنھوں نے (اپنی) کتاب کے ٹکڑے ٹکڑے کر ڈالے تھے (بعض پر عمل کرتے تھے اور بعض پر عمل نہیں کرتے تھے)
فَوَرَبِّكَ لَنَسۡـَٔلَنَّهُمۡ أَجۡمَعِينَ
۹۲﴿
(اے رسول) آپ کے ربّ کی قسم ہم ان سب سے بازپُرس کریں گے
عَمَّا كَانُواْ يَعۡمَلُونَ
۹۳﴿
ان (تمام) کاموں کے متعلّق جو وہ کرتے رہے ہیں
فَٱصۡدَعۡ بِمَا تُؤۡمَرُ وَأَعۡرِضۡ عَنِ ٱلۡمُشۡرِكِينَ
۹۴﴿
(اے رسول) جو حکم آپ کو دیا گیا ہے آپ اس کو (علَی الاعلان) بیان کر دیجیے اور مشرکین سے اعراض کیجیے
إِنَّا كَفَيۡنَٰكَ ٱلۡمُسۡتَهۡزِءِينَ
۹۵﴿
ہم ان مذاق اڑانے والوں کے مقابلے میں آپ کےلیے کافی ہیں (آپ ان کی پرواہ نہ کریں)
ٱلَّذِينَ يَجۡعَلُونَ مَعَ ٱللَّهِ إِلَٰهًا ءَاخَرَ‌ۚ فَسَوۡفَ يَعۡلَمُونَ
۹۶﴿
جو لوگ اللہ کے ساتھ دوسرا الٰہ بنا تے ہیں انھیں عنقریب معلوم ہو جائے گا (کہ اس کا انجام کیا ہوتا ہے)
وَلَقَدۡ نَعۡلَمُ أَنَّكَ يَضِيقُ صَدۡرُكَ بِمَا يَقُولُونَ
۹۷﴿
اور (اے رسول) ہمیں معلوم ہے کہ جو کچھ یہ کہتے ہیں اس سے آپ کا سینہ تنگ ہوتا ہے (آپ آزُردہ ہوتے ہیں)
فَسَبِّحۡ بِحَمۡدِ رَبِّكَ وَكُن مِّنَ ٱلسَّـٰجِدِينَ
۹۸﴿
(لیکن آپ کو آزُردہ ہونے کی ضرورت نہیں) آپ تو (دِل جمعی کے ساتھ) اپنے ربّ کی تعریف کے ساتھ تسبیح پڑھتے رہا کیجیے، سجدہ کرنے والوں میں شامل رہیے
وَٱعۡبُدۡ رَبَّكَ حَتَّىٰ يَأۡتِيَكَ ٱلۡيَقِينُ
۹۹﴿
اور اس وقت تک اپنے ربّ کی عبادت کرتے رہیے جب تک آپ کو موت نہ آئے

Share This Surah, Choose Your Platform!