Al-Munafiqoonسُوۡرَةُ المنَافِقون

بِسۡمِ ٱللَّهِ ٱلرَّحۡمَٰنِ ٱلرَّحِيمِ
.﴿
بے حد مہربان اور بہت رحم کرنے والے اللہ کے نام کے ساتھ
إِذَا جَآءَكَ ٱلۡمُنَٰفِقُونَ قَالُواْ نَشۡهَدُ إِنَّكَ لَرَسُولُ ٱللَّهِۗ وَٱللَّهُ يَعۡلَمُ إِنَّكَ لَرَسُولُهُۥ وَٱللَّهُ يَشۡهَدُ إِنَّ ٱلۡمُنَٰفِقِينَ لَكَٰذِبُونَ
۱﴿
(اے رسول) منافقین آپ کے پاس آتے ہیں تو کہتے ہیں ہم شہادت دیتے ہیں کہ بےشک آپ اللہ کے رسول ہیں، اللہ جانتا ہے کہ بےشک آپ اُس کے رسول ہیں لیکن اللہ گواہی دیتا ہے کہ منافق جھوٹے ہیں (یہ دِل سے گواہی نہیں دیتے)
ٱتَّخَذُوٓاْ أَيۡمَٰنَهُمۡ جُنَّةٗ فَصَدُّواْ عَن سَبِيلِ ٱللَّهِۚ إِنَّهُمۡ سَآءَ مَا كَانُواْ يَعۡمَلُونَ
۲﴿
انھوں نے اپنی قسموں کو ڈھال بنا رکھا ہے اور (لوگوں کو) اللہ کے راستے سے روکتے ہیں، جو کچھ یہ کر رہے ہیں وہ بےشک بہت بُرا ہے
ذَٰلِكَ بِأَنَّهُمۡ ءَامَنُواْ ثُمَّ كَفَرُواْ فَطُبِعَ عَلَىٰ قُلُوبِهِمۡ فَهُمۡ لَا يَفۡقَهُونَ
۳﴿
یہ اس لیے کہ یہ لوگ ایمان لائے لیکن پھر کفر کیا تو ان کے دِلوں پر مُہر لگا دی گئی (اور اب) یہ کچھ نہیں سمجھتے
۞وَإِذَا رَأَيۡتَهُمۡ تُعۡجِبُكَ أَجۡسَامُهُمۡۖ وَإِن يَقُولُواْ تَسۡمَعۡ لِقَوۡلِهِمۡۖ كَأَنَّهُمۡ خُشُبٞ مُّسَنَّدَةٞۖ يَحۡسَبُونَ كُلَّ صَيۡحَةٍ عَلَيۡهِمۡۚ هُمُ ٱلۡعَدُوُّ فَٱحۡذَرۡهُمۡۚ قَٰتَلَهُمُ ٱللَّهُۖ أَنَّىٰ يُؤۡفَكُونَ
۴﴿
اور (اے رسول) جب آپ ان کو دیکھیں تو ان کے جسم آپ کو اچھے معلوم ہوں گے اور جب یہ بات کریں تو آپ ان کی بات سنیں گے (لیکن بڑے نکمّے اور بے ہمّت لوگ ہیں) گویا لکڑیاں ہیں جو دیوار کے سہارے کھڑی ہیں، ہر زور دار آواز کو سمجھتے ہیں کہ ان پر (مصیبت) آئی، (اے رسول) یہ (آپ کے) دشمن ہیں، ان سے ہوشیار رہیے، اللہ انھیں تباہ و برباد کرے گا، یہ کہاں بہکے ہوئے چلے جا رہے ہیں
وَإِذَا قِيلَ لَهُمۡ تَعَالَوۡاْ يَسۡتَغۡفِرۡ لَكُمۡ رَسُولُ ٱللَّهِ لَوَّوۡاْ رُءُوسَهُمۡ وَرَأَيۡتَهُمۡ يَصُدُّونَ وَهُم مُّسۡتَكۡبِرُونَ
۵﴿
اور (اے رسول) جب ان سے کہا جاتا ہے کہ آؤ اللہ کے رسول تمھارے لیے اللہ سے مغفرت طلب کریں تو یہ اپنے سَروں کو مٹکاتے ہیں اور آپ نے انھیں دیکھا ہی ہے کہ یہ اتراتے ہوئے (آپ کے پاس آنے سے) رک جاتے ہیں
سَوَآءٌ عَلَيۡهِمۡ أَسۡتَغۡفَرۡتَ لَهُمۡ أَمۡ لَمۡ تَسۡتَغۡفِرۡ لَهُمۡ لَن يَغۡفِرَ ٱللَّهُ لَهُمۡۚ إِنَّ ٱللَّهَ لَا يَهۡدِي ٱلۡقَوۡمَ ٱلۡفَٰسِقِينَ
۶﴿
(تو اے رسول) آپ ان کےلیے مغفرت طلب کریں یا نہ کریں، ان کےلیے دونوں برابر ہیں، اللہ انھیں ہرگز نہیں بخشے گا، بےشک اللہ فاسق لوگوں کو ہدایت پر چلا کر منزلِ مقصود تک نہیں پہنچاتا
هُمُ ٱلَّذِينَ يَقُولُونَ لَا تُنفِقُواْ عَلَىٰ مَنۡ عِندَ رَسُولِ ٱللَّهِ حَتَّىٰ يَنفَضُّواْۗ وَلِلَّهِ خَزَآئِنُ ٱلسَّمَٰوَٰتِ وَٱلۡأَرۡضِ وَلَٰكِنَّ ٱلۡمُنَٰفِقِينَ لَا يَفۡقَهُونَ
۷﴿
یہ ہی ہیں جو کہتے ہیں کہ جو لوگ رسولُ اللہ کے (آس) پاس (جمع) رہتے ہیں انھیں کچھ نہ دیا کرو یہاں تک کہ وہ خود بھاگ جائیں (بھوکے مریں گے تو کیا کریں گے اے رسول، ان منافقین کے پاس ہے کیا جو یہ دیں گے) آسمانوں اور زمین کے تمام خزانوں کا مالک تو اللہ ہے لیکن منافقین اتنی بات بھی نہیں سمجھتے
يَقُولُونَ لَئِن رَّجَعۡنَآ إِلَى ٱلۡمَدِينَةِ لَيُخۡرِجَنَّ ٱلۡأَعَزُّ مِنۡهَا ٱلۡأَذَلَّۚ وَلِلَّهِ ٱلۡعِزَّةُ وَلِرَسُولِهِۦ وَلِلۡمُؤۡمِنِينَ وَلَٰكِنَّ ٱلۡمُنَٰفِقِينَ لَا يَعۡلَمُونَ
۸﴿
کہتے ہیں کہ جب ہم مدینہ لوٹ کر جائیں گے تو عزّت والے ذلیل لوگوں کو وہاں سے نکال کر باہر کر دیں گے (اے رسول، یہ اپنے آپ کو عزّت والے سمجھتے ہیں) حالانکہ (یہ عزّت والے ہیں کب) عزّت تو اللہ کی ہے، اُس کے رسول کی ہے اور مومنین کی ہے لیکن منافقین کو (اتنی بات بھی) نہیں معلوم
يَـٰٓأَيُّهَا ٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ لَا تُلۡهِكُمۡ أَمۡوَٰلُكُمۡ وَلَآ أَوۡلَٰدُكُمۡ عَن ذِكۡرِ ٱللَّهِۚ وَمَن يَفۡعَلۡ ذَٰلِكَ فَأُوْلَـٰٓئِكَ هُمُ ٱلۡخَٰسِرُونَ
۹﴿
اے ایمان والو، (کہیں ایسا نہ ہو کہ) تمھارے مال اور تمھاری اولاد تمھیں اللہ کے ذِکر سے غافل کر دے اور جوشخص ایسا کرے گا تو (وہ نقصان اٹھائے گا) ایسے لوگ نقصان ہی اٹھایا کرتے ہیں
وَأَنفِقُواْ مِن مَّا رَزَقۡنَٰكُم مِّن قَبۡلِ أَن يَأۡتِيَ أَحَدَكُمُ ٱلۡمَوۡتُ فَيَقُولَ رَبِّ لَوۡلَآ أَخَّرۡتَنِيٓ إِلَىٰٓ أَجَلٖ قَرِيبٖ فَأَصَّدَّقَ وَأَكُن مِّنَ ٱلصَّـٰلِحِينَ
۱۰﴿
اور (اے ایمان والو) جو (مال) ہم نے تم کو دیا ہے اس میں سے (اللہ کے راستے میں) خرچ کرو قبل اس کے کہ تم میں سے کسی کو موت آئے تو وہ کہنے لگے اے میرے ربّ تو نے مجھے کچھ عرصے اور مُہلت کیوں نہ دی کہ میں خیرات کرتا اور نیک لوگوں میں شامل ہو جاتا
وَلَن يُؤَخِّرَ ٱللَّهُ نَفۡسًا إِذَا جَآءَ أَجَلُهَاۚ وَٱللَّهُ خَبِيرُۢ بِمَا تَعۡمَلُونَ
۱۱﴿
(کیا انھیں نہیں معلوم کہ) جب کسی شخص کی موت (کاوقت) آجاتا ہے تو پھر اللہ اس کو ہرگز مُہلت نہیں دیتا اور (اے لوگو) جو کچھ تم کر رہے ہو اللہ اس سے بخوبی واقف ہے

Share This Surah, Choose Your Platform!