Al-Noorسُوۡرَةُ النُّور

بِسۡمِ ٱللَّهِ ٱلرَّحۡمَٰنِ ٱلرَّحِيمِ
.﴿
بے حد مہربان اور بہت رحم کرنے والے اللہ کے نام کے ساتھ
سُورَةٌ أَنزَلۡنَٰهَا وَفَرَضۡنَٰهَا وَأَنزَلۡنَا فِيهَآ ءَايَٰتِۭ بَيِّنَٰتٖ لَّعَلَّكُمۡ تَذَكَّرُونَ
۱﴿
(اے ایمان والو) یہ ایک سورت ہے جس کو ہم نے نازل کی ہے، جس (کے احکام) کو ہم نے فرض کیا ہے اور جس میں ہم نے واضح آیتیں نازل کی ہیں تاکہ تم نصیحت حاصل کرو
ٱلزَّانِيَةُ وَٱلزَّانِي فَٱجۡلِدُواْ كُلَّ وَٰحِدٖ مِّنۡهُمَا مِاْئَةَ جَلۡدَةٖ‌ۖ وَلَا تَأۡخُذۡكُم بِهِمَا رَأۡفَةٞ فِي دِينِ ٱللَّهِ إِن كُنتُمۡ تُؤۡمِنُونَ بِٱللَّهِ وَٱلۡيَوۡمِ ٱلۡأٓخِرِ‌ۖ وَلۡيَشۡهَدۡ عَذَابَهُمَا طَآئِفَةٞ مِّنَ ٱلۡمُؤۡمِنِينَ
۲﴿
زانیہ اور زانی (میں سے) ہر ایک کو سو"۱۰۰" کوڑے مارا کرو اور اگر اللہ اور یومِ آخرت پر ایمان رکھتے ہو تو تمھیں ان پر اللہ کے قانون (کو نافذ کرنے کے سلسلے) میں (کسی قسم کا) رحم نہیں آنا چاہیے اور جب ان کو سزا دی جائے تو مومنین کی ایک جماعت وہاں موجود ہونی چاہیے
ٱلزَّانِي لَا يَنكِحُ إِلَّا زَانِيَةً أَوۡ مُشۡرِكَةٗ وَٱلزَّانِيَةُ لَا يَنكِحُهَآ إِلَّا زَانٍ أَوۡ مُشۡرِكٞ‌ۚ وَحُرِّمَ ذَٰلِكَ عَلَى ٱلۡمُؤۡمِنِينَ
۳﴿
زانی نکاح نہ کر سکے گا مگر زانیہ یا مشرکہ سے اور زانیہ سے کوئی نکاح نہ کرے گا سوائے زانی یا مشرک کے اور مومنین پر تو ایسے (نکاح) حرام ہیں
وَٱلَّذِينَ يَرۡمُونَ ٱلۡمُحۡصَنَٰتِ ثُمَّ لَمۡ يَأۡتُواْ بِأَرۡبَعَةِ شُهَدَآءَ فَٱجۡلِدُوهُمۡ ثَمَٰنِينَ جَلۡدَةٗ وَلَا تَقۡبَلُواْ لَهُمۡ شَهَٰدَةً أَبَدٗا‌ۚ وَأُوْلَـٰٓئِكَ هُمُ ٱلۡفَٰسِقُونَ
۴﴿
اور (اے ایمان والو) جو پاک دامن عورتوں پر (بدکاری کی) تُہمت لگائیں پھر چار۴ گواہ پیش نہ کر سکیں تو ان کو اسی۸۰ کوڑے مارو اور (پھر) ان کی شہادت کبھی قبول نہ کرو، یہ لوگ فاسق ہیں
إِلَّا ٱلَّذِينَ تَابُواْ مِنۢ بَعۡدِ ذَٰلِكَ وَأَصۡلَحُواْ فَإِنَّ ٱللَّهَ غَفُورٞ رَّحِيمٞ
۵﴿
مگر ہاں جو اس کے بعد توبہ کر لیں اور (اپنی) اصلاح کر لیں تو بےشک اللہ (تعالٰی) معاف کرنے والا، رحم کرنے والا ہے
وَٱلَّذِينَ يَرۡمُونَ أَزۡوَٰجَهُمۡ وَلَمۡ يَكُن لَّهُمۡ شُهَدَآءُ إِلَّآ أَنفُسُهُمۡ فَشَهَٰدَةُ أَحَدِهِمۡ أَرۡبَعُ شَهَٰدَٰتِۭ بِٱللَّهِ إِنَّهُۥ لَمِنَ ٱلصَّـٰدِقِينَ
۶﴿
اور جو لوگ اپنی بیویوں پر تُہمت لگائیں اور ان کے خود کے علاوہ ان کے پاس دوسرے گواہ نہ ہوں تو ان (تُہمت لگانے والوں) میں سے ہر ایک پر اس قسم کی گواہی دینی ضروری ہے کہ وہ چار"۴" دفعہ اللہ کی قسم کھا کر شہادت دے کہ بےشک وہ سچّا ہے
وَٱلۡخَٰمِسَةُ أَنَّ لَعۡنَتَ ٱللَّهِ عَلَيۡهِ إِن كَانَ مِنَ ٱلۡكَٰذِبِينَ
۷﴿
اور پانچویں"۵" دفعہ (یہ کہے) کہ اگر میں جھوٹا ہوں تو مجھ پر اللہ کی لعنت (ہو)
وَيَدۡرَؤُاْ عَنۡهَا ٱلۡعَذَابَ أَن تَشۡهَدَ أَرۡبَعَ شَهَٰدَٰتِۭ بِٱللَّهِ إِنَّهُۥ لَمِنَ ٱلۡكَٰذِبِينَ
۸﴿
اور وہ (عورت جس پر تُہمت لگائی گئی ہے) اپنے اوپر سے سزا کو اس طرح دفع کر سکتی ہے کہ چار"۴" مرتبہ اللہ کی قسم کھا کر یہ کہے کہ وہ جھوٹا ہے
وَٱلۡخَٰمِسَةَ أَنَّ غَضَبَ ٱللَّهِ عَلَيۡهَآ إِن كَانَ مِنَ ٱلصَّـٰدِقِينَ
۹﴿
اور پانچویں"۵" مرتبہ (یہ کہے) کہ اگر وہ سچّا ہو تو مجھ پر اللہ کا غضب (نازل ہو)
وَلَوۡلَا فَضۡلُ ٱللَّهِ عَلَيۡكُمۡ وَرَحۡمَتُهُۥ وَأَنَّ ٱللَّهَ تَوَّابٌ حَكِيمٌ
۱۰﴿
اور (اے ایمان والو) اگر تم پر اللہ کا فضل اور اُس کی رحمت نہ ہوتی (تو تم بڑی مشکل میں پڑ جاتے) لیکن اللہ تو (تم پر) رحمت کے ساتھ رجوع کرنے والا اور (بڑی) حکمت والا ہے
إِنَّ ٱلَّذِينَ جَآءُو بِٱلۡإِفۡكِ عُصۡبَةٞ مِّنكُمۡۚ لَا تَحۡسَبُوهُ شَرّٗا لَّكُمۖ بَلۡ هُوَ خَيۡرٞ لَّكُمۡۚ لِكُلِّ ٱمۡرِيٕٖ مِّنۡهُم مَّا ٱكۡتَسَبَ مِنَ ٱلۡإِثۡمِۚ وَٱلَّذِي تَوَلَّىٰ كِبۡرَهُۥ مِنۡهُمۡ لَهُۥ عَذَابٌ عَظِيمٞ
۱۱﴿
(اور اے ایمان والو) جن لوگوں نے تُہمت لگائی ہے وہ تم ہی میں سے ایک جماعت ہے، تم اسے اپنے حق میں بُرا نہ سمجھو بلکہ یہ تمھارے حق میں بہتر ہے، ان میں سے جس نے جتنا گناہ کمایا اس پر اتنا ہی وبال ہو گا (اور وہ اتنی ہی سزا بھگتے گا) اور ان میں سے جس نے اس (تُہمت) کا بڑا (بوجھ) اٹھایا ہے اس کےلیے عذاب بھی بڑا ہے
لَّوۡلَآ إِذۡ سَمِعۡتُمُوهُ ظَنَّ ٱلۡمُؤۡمِنُونَ وَٱلۡمُؤۡمِنَٰتُ بِأَنفُسِهِمۡ خَيۡرٗا وَقَالُواْ هَٰذَآ إِفۡكٞ مُّبِينٞ
۱۲﴿
(اور اے ایمان والو) جب تم نے یہ بات سنی تو ایسا کیوں نہیں ہوا کہ مومنین اور مومنات اپنے دِل میں نیک گمان کرتے اور (سنتے ہی فورًا) کہہ دیتے یہ کھلا بُہتان ہے
لَّوۡلَا جَآءُو عَلَيۡهِ بِأَرۡبَعَةِ شُهَدَآءَۚ فَإِذۡ لَمۡ يَأۡتُواْ بِٱلشُّهَدَآءِ فَأُوْلَـٰٓئِكَ عِندَ ٱللَّهِ هُمُ ٱلۡكَٰذِبُونَ
۱۳﴿
ان لوگوں نے اس پر چار"۴" گواہ کیوں نہیں پیش کیے (اور) جب یہ (چار"۴") گواہ نہیں پیش کر سکے تو اللہ کے نزدیک یہ ہی جھوٹے ہیں (اگر یہ گواہ پیش کر دیتے تو پھر وہ گواہ جھوٹے ہوتے اور یہ بَری ہو جاتے)
وَلَوۡلَا فَضۡلُ ٱللَّهِ عَلَيۡكُمۡ وَرَحۡمَتُهُۥ فِي ٱلدُّنۡيَا وَٱلۡأٓخِرَةِ لَمَسَّكُمۡ فِي مَآ أَفَضۡتُمۡ فِيهِ عَذَابٌ عَظِيمٌ
۱۴﴿
اور اگر دنیا اور آخرت میں تم پر اللہ کا فضل اور اُس کی رحمت نہ ہوتی تو جس بات کا تم چرچا کر رہے تھے اس (بات کی سزا) میں تم پر بڑا (زبردست) عذاب نازل ہوتا
إِذۡ تَلَقَّوۡنَهُۥ بِأَلۡسِنَتِكُمۡ وَتَقُولُونَ بِأَفۡوَاهِكُم مَّا لَيۡسَ لَكُم بِهِۦ عِلۡمٞ وَتَحۡسَبُونَهُۥ هَيِّنٗا وَهُوَ عِندَ ٱللَّهِ عَظِيمٞ
۱۵﴿
جب تم اپنی زبانوں سے اس تُہمت کا ذِکر (ایک دوسرے سے) کر رہے تھے اور اپنے منھ سے ایسی بات نکال رہے تھے جس کا تمھیں کوئی علم نہ تھا تو (اے ایمان والو) تم اس کو ہلکی (اور معمولی) بات سمجھ رہے تھے حالانکہ وہ اللہ کے نزدیک (بہت) بڑی (بات) تھی
وَلَوۡلَآ إِذۡ سَمِعۡتُمُوهُ قُلۡتُم مَّا يَكُونُ لَنَآ أَن نَّتَكَلَّمَ بِهَٰذَا سُبۡحَٰنَكَ هَٰذَا بُهۡتَٰنٌ عَظِيمٞ
۱۶﴿
اور جب تم نے یہ بات سنی تھی تو ایسا کیوں نہیں ہوا کہ تم یہ کہتے کہ ہمارے لیے زیبا نہیں کہ ہم ایسی بات منھ سے نکالیں، (اے اللہ) تو پاک ہے (تو یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ تو اپنے رسول کےلیے ایسی بیوی کو پسند کرے، یقینًا) یہ بُہتانِ عظیم ہے
يَعِظُكُمُ ٱللَّهُ أَن تَعُودُواْ لِمِثۡلِهِۦٓ أَبَدًا إِن كُنتُم مُّؤۡمِنِينَ
۱۷﴿
اللہ تمھیں نصیحت کرتا ہے کہ اگر تم مومن ہو تو ایسا (کام) پھر کبھی نہ کرنا
وَيُبَيِّنُ ٱللَّهُ لَكُمُ ٱلۡأٓيَٰتِۚ وَٱللَّهُ عَلِيمٌ حَكِيمٌ
۱۸﴿
اللہ تمھارے (سمجھانے کے) لیے اپنی آیات کو وضاحت کے ساتھ بیان کر رہا ہے، (بےشک) اللہ علم والا، حکمت والا ہے
إِنَّ ٱلَّذِينَ يُحِبُّونَ أَن تَشِيعَ ٱلۡفَٰحِشَةُ فِي ٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ لَهُمۡ عَذَابٌ أَلِيمٞ فِي ٱلدُّنۡيَا وَٱلۡأٓخِرَةِۚ وَٱللَّهُ يَعۡلَمُ وَأَنتُمۡ لَا تَعۡلَمُونَ
۱۹﴿
بےشک جو لوگ اس بات کو پسند کرتے ہیں کہ مومنین میں بے حیائی (کی بات) پھیلے ان کےلیے دنیا اور آخرت (دونوں) میں دردناک عذاب ہے، اللہ جانتا ہے اور تم نہیں جانتے
وَلَوۡلَا فَضۡلُ ٱللَّهِ عَلَيۡكُمۡ وَرَحۡمَتُهُۥ وَأَنَّ ٱللَّهَ رَءُوفٞ رَّحِيمٞ
۲۰﴿
اور (اے ایمان والو) اگر تم پر اللہ کا فضل اور اُس کی رحمت نہ ہوتی (تو تم پر عذاب نازل ہو گیا ہوتا) بےشک اللہ بہت شفقت کرنے والا اور رحم کرنے والا ہے (کہ اس نے عذاب کو ٹال دیا)
۞يَـٰٓأَيُّهَا ٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ لَا تَتَّبِعُواْ خُطُوَٰتِ ٱلشَّيۡطَٰنِۚ وَمَن يَتَّبِعۡ خُطُوَٰتِ ٱلشَّيۡطَٰنِ فَإِنَّهُۥ يَأۡمُرُ بِٱلۡفَحۡشَآءِ وَٱلۡمُنكَرِۚ وَلَوۡلَا فَضۡلُ ٱللَّهِ عَلَيۡكُمۡ وَرَحۡمَتُهُۥ مَا زَكَىٰ مِنكُم مِّنۡ أَحَدٍ أَبَدٗا وَلَٰكِنَّ ٱللَّهَ يُزَكِّي مَن يَشَآءُۗ وَٱللَّهُ سَمِيعٌ عَلِيمٞ
۲۱﴿
اے ایمان والو، شیطان کے قدم بقدم نہ چلو، جو شخص شیطان کے قدم بقدم چلے گا تو (اسے خبردار ہو جانا چاہیے کہ) شیطان تو بے حیائی اور بُری باتوں کا ہی حکم دے گا اور اگر تم پراللہ کا فضل اور اُس کی رحمت نہ ہوتی تو تم میں سے کوئی شخص کبھی بھی پاک نہ ہوتا لیکن اللہ جس کو چاہتا ہے اپنے فضل سے پاک کر دیتا ہے اور (بےشک) اللہ سننے والا، جاننے والا ہے
وَلَا يَأۡتَلِ أُوْلُواْ ٱلۡفَضۡلِ مِنكُمۡ وَٱلسَّعَةِ أَن يُؤۡتُوٓاْ أُوْلِي ٱلۡقُرۡبَىٰ وَٱلۡمَسَٰكِينَ وَٱلۡمُهَٰجِرِينَ فِي سَبِيلِ ٱللَّهِۖ وَلۡيَعۡفُواْ وَلۡيَصۡفَحُوٓاْۗ أَلَا تُحِبُّونَ أَن يَغۡفِرَ ٱللَّهُ لَكُمۡۚ وَٱللَّهُ غَفُورٞ رَّحِيمٌ
۲۲﴿
اور (اے ایمان والو) تم میں سے جو لوگ فضل اور وسعت والے ہیں وہ اس بات پر قسم نہ کھائیں کہ وہ رشتے داروں، مسکینوں کو اور اللہ کے راستے میں ہجرت کرنے والوں کو کچھ نہیں دیں گے، (اگر ان لوگوں سے کوئی قصور بھی ہو گیا ہو تو صاحبِ فضل لوگوں کو) چاہیے کہ معاف کر دیں، درگزر کر دیں، (اے ایمان والو) کیا تم نہیں چاہتے کہ اللہ تم کو معاف کر دے، (بےشک) اللہ بہت معاف کرنے والا اور رحم کرنے والا ہے
إِنَّ ٱلَّذِينَ يَرۡمُونَ ٱلۡمُحۡصَنَٰتِ ٱلۡغَٰفِلَٰتِ ٱلۡمُؤۡمِنَٰتِ لُعِنُواْ فِي ٱلدُّنۡيَا وَٱلۡأٓخِرَةِ وَلَهُمۡ عَذَابٌ عَظِيمٞ
۲۳﴿
جو لوگ پاک دامن، بے خبر ایمان دار عورتوں پر تُہمت لگاتے ہیں ان پر دنیا اور آخرت (دونوں) میں لعنت ہے اور ان کےلیے بڑا (زبردست) عذاب ہے
يَوۡمَ تَشۡهَدُ عَلَيۡهِمۡ أَلۡسِنَتُهُمۡ وَأَيۡدِيهِمۡ وَأَرۡجُلُهُم بِمَا كَانُواْ يَعۡمَلُونَ
۲۴﴿
جس دن ان کی زبانیں، ان کے ہاتھ اور ان کے پیر (ان کےاعمال کی) گواہی دیں گے جو وہ کیا کرتے تھے
يَوۡمَئِذٖ يُوَفِّيهِمُ ٱللَّهُ دِينَهُمُ ٱلۡحَقَّ وَيَعۡلَمُونَ أَنَّ ٱللَّهَ هُوَ ٱلۡحَقُّ ٱلۡمُبِينُ
۲۵﴿
اس دن اللہ ان کو (ان کے اعمال کا) پورا بدلہ دے گا جس بدلے کے وہ مستحق ہوں گے پھر انھیں معلوم ہو جائے گا کہ واقعی اللہ ہی حق ہے اور (اللہ ہی حق کو) ظاہر کرنے والا ہے
ٱلۡخَبِيثَٰتُ لِلۡخَبِيثِينَ وَٱلۡخَبِيثُونَ لِلۡخَبِيثَٰتِۖ وَٱلطَّيِّبَٰتُ لِلطَّيِّبِينَ وَٱلطَّيِّبُونَ لِلطَّيِّبَٰتِۚ أُوْلَـٰٓئِكَ مُبَرَّءُونَ مِمَّا يَقُولُونَۖ لَهُم مَّغۡفِرَةٞ وَرِزۡقٞ كَرِيمٞ
۲۶﴿
ناپاک عورتیں ناپاک مردوں کےلیے اور ناپاک مرد ناپاک عورتوں کےلیے ہیں اور پاک عورتیں پاک مردوں کےلیے اور پاک مرد پاک عورتوں کےلیے ہیں، یہ (پاک) لوگ ان (تُہمتوں) سے بَری ہیں جو (ان کے متعلّق) کہی جا رہی ہیں، ان کےلیے (آخرت میں) مغفرت اور عزّت والی روزی ہے
يَـٰٓأَيُّهَا ٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ لَا تَدۡخُلُواْ بُيُوتًا غَيۡرَ بُيُوتِكُمۡ حَتَّىٰ تَسۡتَأۡنِسُواْ وَتُسَلِّمُواْ عَلَىٰٓ أَهۡلِهَاۚ ذَٰلِكُمۡ خَيۡرٞ لَّكُمۡ لَعَلَّكُمۡ تَذَكَّرُونَ
۲۷﴿
اے ایمان والو، اپنے گھروں کے علاوہ (دوسروں کے) گھروں میں داخل نہ ہوا کرو جب تک (ان سے) اجازت نہ لے لو اور گھر والوں پر سلام نہ کر لو، یہ تمھارے لیے بہتر ہے (اور یہ حکم اس لیے بیان کیا جا رہا ہے) تاکہ تمھیں نصیحت حاصل ہو
فَإِن لَّمۡ تَجِدُواْ فِيهَآ أَحَدٗا فَلَا تَدۡخُلُوهَا حَتَّىٰ يُؤۡذَنَ لَكُمۡۖ وَإِن قِيلَ لَكُمُ ٱرۡجِعُواْ فَٱرۡجِعُواْۖ هُوَ أَزۡكَىٰ لَكُمۡۚ وَٱللَّهُ بِمَا تَعۡمَلُونَ عَلِيمٞ
۲۸﴿
پھر اگر تم گھر میں کسی کو نہ پاؤ تب بھی گھر میں اس وقت تک داخل نہ ہو جب تک تمھیں اجازت نہ دی جائے اور اگر تم سے کہا جائے کہ (اس وقت) واپس چلے جاؤ تو واپس چلے جایا کرو، یہ تمھارے لیے پاکیزگی (کی بات) ہے اور (اے ایمان والو) جو کچھ تم کر رہے ہو اللہ کو اس کا علم ہے
لَّيۡسَ عَلَيۡكُمۡ جُنَاحٌ أَن تَدۡخُلُواْ بُيُوتًا غَيۡرَ مَسۡكُونَةٖ فِيهَا مَتَٰعٞ لَّكُمۡۚ وَٱللَّهُ يَعۡلَمُ مَا تُبۡدُونَ وَمَا تَكۡتُمُونَ
۲۹﴿
البتّہ ایسے گھروں میں جن میں کوئی نہ رہتا ہو اور ان میں تمھارا سامان رکھا ہو (بے اجازت) داخل ہونے میں تم پر کوئی گناہ نہیں، اللہ جانتا ہے جو کچھ تم ظاہر کرتے ہو اور جو کچھ تم چُھپاتے ہو
قُل لِّلۡمُؤۡمِنِينَ يَغُضُّواْ مِنۡ أَبۡصَٰرِهِمۡ وَيَحۡفَظُواْ فُرُوجَهُمۡۚ ذَٰلِكَ أَزۡكَىٰ لَهُمۡۚ إِنَّ ٱللَّهَ خَبِيرُۢ بِمَا يَصۡنَعُونَ
۳۰﴿
(اے رسول) آپ مومن مردوں سے کہہ دیجیے کہ اپنی نظریں نیچی رکھیں اور اپنی شرم گاہوں کی حفاظت کریں، یہ ان کےلیے بڑی پاکیزگی (کی بات) ہے، بےشک اللہ (تعالیٰ) جانتا ہے جو کچھ وہ کر رہے ہیں
وَقُل لِّلۡمُؤۡمِنَٰتِ يَغۡضُضۡنَ مِنۡ أَبۡصَٰرِهِنَّ وَيَحۡفَظۡنَ فُرُوجَهُنَّ وَلَا يُبۡدِينَ زِينَتَهُنَّ إِلَّا مَا ظَهَرَ مِنۡهَاۖ وَلۡيَضۡرِبۡنَ بِخُمُرِهِنَّ عَلَىٰ جُيُوبِهِنَّۖ وَلَا يُبۡدِينَ زِينَتَهُنَّ إِلَّا لِبُعُولَتِهِنَّ أَوۡ ءَابَآئِهِنَّ أَوۡ ءَابَآءِ بُعُولَتِهِنَّ أَوۡ أَبۡنَآئِهِنَّ أَوۡ أَبۡنَآءِ بُعُولَتِهِنَّ أَوۡ إِخۡوَٰنِهِنَّ أَوۡ بَنِيٓ إِخۡوَٰنِهِنَّ أَوۡ بَنِيٓ أَخَوَٰتِهِنَّ أَوۡ نِسَآئِهِنَّ أَوۡ مَا مَلَكَتۡ أَيۡمَٰنُهُنَّ أَوِ ٱلتَّـٰبِعِينَ غَيۡرِ أُوْلِي ٱلۡإِرۡبَةِ مِنَ ٱلرِّجَالِ أَوِ ٱلطِّفۡلِ ٱلَّذِينَ لَمۡ يَظۡهَرُواْ عَلَىٰ عَوۡرَٰتِ ٱلنِّسَآءِۖ وَلَا يَضۡرِبۡنَ بِأَرۡجُلِهِنَّ لِيُعۡلَمَ مَا يُخۡفِينَ مِن زِينَتِهِنَّۚ وَتُوبُوٓاْ إِلَى ٱللَّهِ جَمِيعًا أَيُّهَ ٱلۡمُؤۡمِنُونَ لَعَلَّكُمۡ تُفۡلِحُونَ
۳۱﴿
اور (اے رسول) مومنہ عورتوں سے بھی کہہ دیجیے کہ اپنی نگاہیں نیچی رکھیں، اپنی شرم گاہوں کی حفاظت کریں اور اپنی زینت کو ظاہر نہ کریں سوائے اس زینت کے جو (خود بخود) ظاہر ہو جائے اور (ان سے) یہ (بھی کہہ دیجیے) کہ اپنے سینوں پراپنے دوپٹّوں کے بُکّل مارے رہا کریں اور اپنی زینت کو (کسی کے سامنے) ظاہر نہ کریں سوائے اپنے شوہروں کے یا اپنے باپوں کے، یا اپنے شوہروں کے باپوں کے یا اپنے بیٹوں کے یا اپنے شوہروں کے بیٹوں کے یا اپنے بھائیوں کے یا اپنے بھائیوں کے بیٹوں کے یا اپنی بہنوں کے بیٹوں کے یا اپنی عورتوں کے یا اپنے غلاموں کے یا ایسے خدّام کے جن کو (عورتوں سے) کوئی غرض نہ ہو یا ایسے لڑکوں کے جو عورتوں کے پردے کی چیزوں سے ناواقف ہوں اور (اے رسول، ان سے یہ بھی کہہ دیجیے کہ) وہ اپنے پیروں کو (اس طرح) نہ ماریں کہ (زیور سےچھم چھم کی آواز نکلے اور) ان کے زیور کا علم ہو جائے جس کو وہ چُھپائے ہوئے ہوں اور اے ایمان والو، تم سب اللہ سے توبہ کرتے رہا کرو تاکہ تم فلاح پاؤ
وَأَنكِحُواْ ٱلۡأَيَٰمَىٰ مِنكُمۡ وَٱلصَّـٰلِحِينَ مِنۡ عِبَادِكُمۡ وَإِمَآئِكُمۡۚ إِن يَكُونُواْ فُقَرَآءَ يُغۡنِهِمُ ٱللَّهُ مِن فَضۡلِهِۦۗ وَٱللَّهُ وَٰسِعٌ عَلِيمٞ
۳۲﴿
اور (اے ایمان والو) تم میں سے جن کا نکاح نہ ہوا ہو ان کا نکاح کرا دیا کرو اور تمھارے غلام اور لونڈیوں میں سے جو نیک ہوں ان کا بھی نکاح کرا دیا کرو، اگر وہ محتاج ہوں گے تو اللہ اپنے فضل سے انھیں غنی کر دے گا، اللہ (بہت) وسعت والا اور علم والا ہے
وَلۡيَسۡتَعۡفِفِ ٱلَّذِينَ لَا يَجِدُونَ نِكَاحًا حَتَّىٰ يُغۡنِيَهُمُ ٱللَّهُ مِن فَضۡلِهِۦ‌ۗ وَٱلَّذِينَ يَبۡتَغُونَ ٱلۡكِتَٰبَ مِمَّا مَلَكَتۡ أَيۡمَٰنُكُمۡ فَكَاتِبُوهُمۡ إِنۡ عَلِمۡتُمۡ فِيهِمۡ خَيۡرٗا‌ۖ وَءَاتُوهُم مِّن مَّالِ ٱللَّهِ ٱلَّذِيٓ ءَاتَىٰكُمۡ‌ۚ وَلَا تُكۡرِهُواْ فَتَيَٰتِكُمۡ عَلَى ٱلۡبِغَآءِ إِنۡ أَرَدۡنَ تَحَصُّنٗا لِّتَبۡتَغُواْ عَرَضَ ٱلۡحَيَوٰةِ ٱلدُّنۡيَا‌ۚ وَمَن يُكۡرِههُّنَّ فَإِنَّ ٱللَّهَ مِنۢ بَعۡدِ إِكۡرَٰهِهِنَّ غَفُورٞ رَّحِيمٞ
۳۳﴿
اور جن لوگوں کو (بوجہ تنگی معاش) نکاح (کےلیے کوئی موزوں رِشتہ) نہ مل سکے تو انھیں چاہیے کہ پاک دامن رہیں یہاں تک کہ اللہ اپنے فضل سے انھیں غنی کر دے اور (اے ایمان والو) تمھاری لونڈیوں اورتمھارے غلاموں میں سےجو لونڈیاں یا غلام مکاتبت چاہیں تو ان سے مکاتبت کر لیا کرو بشرط یہ کہ تم ان میں صلاحیت (کے آثار) دیکھو اور جو مال اللہ نے تم کو دیا ہے اس میں سے ان کو بھی دو (تاکہ وہ جلدی سے زرِ کتابت ادا کر کے آزاد ہو جائیں) اور (اے ایمان والو) اگر تمھاری لونڈیاں پاک دامن رہنا چاہیں تو دنیوی زندگی کا مال و متاع حاصل کرنے کےلیے انھیں بدکاری پر مجبور نہ کرو اور جو شخص انھیں مجبور کرے تو ان کی مجبوری کے بعد (جو کام ان سےسرزد ہو گا تو اللہ انھیں معاف کر دے گا اس لیے کہ) اللہ بڑا بخشنے والا اور بہت رحم کرنے والا ہے
وَلَقَدۡ أَنزَلۡنَآ إِلَيۡكُمۡ ءَايَٰتٖ مُّبَيِّنَٰتٖ وَمَثَلٗا مِّنَ ٱلَّذِينَ خَلَوۡاْ مِن قَبۡلِكُمۡ وَمَوۡعِظَةٗ لِّلۡمُتَّقِينَ
۳۴﴿
اور (اے ایمان والو) ہم نے تمھاری طرف واضح آیتیں، جو لوگ تم سے پہلے گزرے ہیں ان کے (عبرت ناک) حالات اور متّقیوں کےلیے نصیحت نازل کر دی ہے (تاکہ تم گمراہی سے بچ سکو)
ٱللَّهُ نُورُ ٱلسَّمَٰوَٰتِ وَٱلۡأَرۡضِ‌ۚ مَثَلُ نُورِهِۦ كَمِشۡكَوٰةٖ فِيهَا مِصۡبَاحٌ‌ۖ ٱلۡمِصۡبَاحُ فِي زُجَاجَةٍ‌ۖ ٱلزُّجَاجَةُ كَأَنَّهَا كَوۡكَبٞ دُرِّيّٞ يُوقَدُ مِن شَجَرَةٖ مُّبَٰرَكَةٖ زَيۡتُونَةٖ لَّا شَرۡقِيَّةٖ وَلَا غَرۡبِيَّةٖ يَكَادُ زَيۡتُهَا يُضِيٓءُ وَلَوۡ لَمۡ تَمۡسَسۡهُ نَارٞ‌ۚ نُّورٌ عَلَىٰ نُورٖ‌ۚ يَهۡدِي ٱللَّهُ لِنُورِهِۦ مَن يَشَآءُ‌ۚ وَيَضۡرِبُ ٱللَّهُ ٱلۡأَمۡثَٰلَ لِلنَّاسِ‌ۗ وَٱللَّهُ بِكُلِّ شَيۡءٍ عَلِيمٞ
۳۵﴿
اللہ آسمانوں کا اور زمین کا نور (ہدایت) ہے (اُسی سے آسمانوں کو اور زمین کو ہدایت اور رہنمائی ملتی ہے)، اُس کے نور (ہدایت) کی مثال ایسی ہے جیسے ایک طاق ہے، اس ایک طاق میں ایک چراغ ہے، وہ چراغ ایک فانوس میں ہے، وہ فانوس (اتنا چمک دار ہے) گویا کہ وہ ایک چمکتا ہوا تارا ہے، وہ چراغ زیتون کے ایک مبارک درخت (کے تیل) سے جلایا جاتا ہے جو نہ شرقی ہے، نہ غربی، اس (چراغ) کا تیل (اتنا صاف و شفّاف ہے کہ) ایسا معلوم ہوتا ہے کہ خود بخود روشن ہو جائے گا اگرچہ اسے آگ نے چُھوا بھی نہ ہو، (وہ چراغ کیا ہے) نور پر نور ہے، اللہ اپنے نور کی طرف جس کو چاہتا ہے راہ دکھاتا ہے اور اللہ لوگوں کے (سمجھانے کے) لیے مثالیں بیان کرتا ہے اور اللہ ہر چیز سے واقف ہے
فِي بُيُوتٍ أَذِنَ ٱللَّهُ أَن تُرۡفَعَ وَيُذۡكَرَ فِيهَا ٱسۡمُهُۥ يُسَبِّحُ لَهُۥ فِيهَا بِٱلۡغُدُوِّ وَٱلۡأٓصَالِ
۳۶﴿
(اللہ کے) گھروں میں جن کے متعلّق اللہ نے حکم دیا ہے کہ انھیں مقامِ رِفعت دیا جائے اور ان میں اُس کے نام کا ذِکر کیا جائے، ان میں صبح و شام تسبیح پڑھتے ہیں
رِجَالٞ لَّا تُلۡهِيهِمۡ تِجَٰرَةٞ وَلَا بَيۡعٌ عَن ذِكۡرِ ٱللَّهِ وَإِقَامِ ٱلصَّلَوٰةِ وَإِيتَآءِ ٱلزَّكَوٰةِ يَخَافُونَ يَوۡمٗا تَتَقَلَّبُ فِيهِ ٱلۡقُلُوبُ وَٱلۡأَبۡصَٰرُ
۳۷﴿
وہ لوگ جن کو تجارت اور خرید و فروخت اللہ کا ذِکر کرنے، نماز پڑھنے اور زکوٰۃ دینے سے غافل نہیں کرتی، وہ اس دن سے ڈرتے رہتے ہیں جس دن دِل اور آنکھیں اُلٹ جائیں گی
لِيَجۡزِيَهُمُ ٱللَّهُ أَحۡسَنَ مَا عَمِلُواْ وَيَزِيدَهُم مِّن فَضۡلِهِۦ‌ۗ وَٱللَّهُ يَرۡزُقُ مَن يَشَآءُ بِغَيۡرِ حِسَابٖ
۳۸﴿
(اور وہ دن اسی لیے واقع ہو گا) کہ جو عمل انھوں نے کیے ہیں اللہ ان کو ان کا اچّھا بدلہ دے اور اپنے فضل سے (کچھ) زیادہ بھی دے اور اللہ جس کو چاہتا ہے بے حساب دیتا ہے
وَٱلَّذِينَ كَفَرُوٓاْ أَعۡمَٰلُهُمۡ كَسَرَابِۭ بِقِيعَةٖ يَحۡسَبُهُ ٱلظَّمۡـَٔانُ مَآءً حَتَّىٰٓ إِذَا جَآءَهُۥ لَمۡ يَجِدۡهُ شَيۡـٔٗا وَوَجَدَ ٱللَّهَ عِندَهُۥ فَوَفَّىٰهُ حِسَابَهُۥ‌ۗ وَٱللَّهُ سَرِيعُ ٱلۡحِسَابِ
۳۹﴿
اور جن لوگوں نے کفر کیا ان کے اعمال ایسے ہیں جیسے چٹیل میدانوں میں ریت، پیاسا اسے (دور سے) پانی خیال کرتا ہے اور جب اس کے قریب پہنچتا ہے تو دیکھتا ہے کہ پانی (وانی) کچھ بھی نہیں ہے (اسی طرح کافر کے اعمال محض فریبِ نفس ہوتے ہیں، میدانِ محشر میں کافر کو اپنے اعمال کہیں دکھائی نہ دیں گے) بلکہ وہ اپنے پاس اللہ کو موجود پائے گا اور وہ اس کو اس کا پورا پورا حساب چکا دے گا اور اللہ جلد حساب لینے والا ہے
أَوۡ كَظُلُمَٰتٖ فِي بَحۡرٖ لُّجِّيّٖ يَغۡشَىٰهُ مَوۡجٞ مِّن فَوۡقِهِۦ مَوۡجٞ مِّن فَوۡقِهِۦ سَحَابٞۚ ظُلُمَٰتُۢ بَعۡضُهَا فَوۡقَ بَعۡضٍ إِذَآ أَخۡرَجَ يَدَهُۥ لَمۡ يَكَدۡ يَرَىٰهَاۗ وَمَن لَّمۡ يَجۡعَلِ ٱللَّهُ لَهُۥ نُورٗا فَمَا لَهُۥ مِن نُّورٍ
۴۰﴿
یا (کافروں کے اعمال ایسے ہیں) جیسے گہرے سمندر میں تاریکیاں، سمندر کو موج نے ڈھانک رکھا ہو اور (اس) موج پر (دوسری) موج چلی آ رہی ہو اور اس کے اوپر بادل ہو (غرض یہ کہ) تاریکیاں ہی تاریکیاں ہوں جو ایک دوسرے پر (چھائی ہوئی) ہوں جب (ایسا شخص جو سمندر کی تہہ میں ہو) اپنا ہاتھ نکالے تو اسے دیکھ نہ سکے اور جس کو اللہ روشنی سے نہ نوازے، اس کےلیے کہیں روشنی نہیں
أَلَمۡ تَرَ أَنَّ ٱللَّهَ يُسَبِّحُ لَهُۥ مَن فِي ٱلسَّمَٰوَٰتِ وَٱلۡأَرۡضِ وَٱلطَّيۡرُ صَـٰٓفَّـٰتٖۖ كُلّٞ قَدۡ عَلِمَ صَلَاتَهُۥ وَتَسۡبِيحَهُۥۗ وَٱللَّهُ عَلِيمُۢ بِمَا يَفۡعَلُونَ
۴۱﴿
(اے رسول) کیا آپ نے نہیں دیکھا کہ آسمانوں میں اور زمین میں جتنے بھی لوگ ہیں سب اللہ کی تسبیح (و تقدیس) کرتے ہیں اور پَر پھیلائے ہوئے پرندے بھی، ہر ایک کو اپنی نماز اور اپنی تسبیح (کا طریقہ) معلوم ہے اور اللہ جانتا ہے جو کچھ وہ کرتے ہیں (سب اللہ کے علم میں ہوتا ہے)
وَلِلَّهِ مُلۡكُ ٱلسَّمَٰوَٰتِ وَٱلۡأَرۡضِۖ وَإِلَى ٱللَّهِ ٱلۡمَصِيرُ
۴۲﴿
آسمانوں کی اور زمین کی بادشاہت صرف اللہ کےلیے ہے اور اللہ ہی کی طرف (سب کو) لوٹ کر جانا ہے
أَلَمۡ تَرَ أَنَّ ٱللَّهَ يُزۡجِي سَحَابٗا ثُمَّ يُؤَلِّفُ بَيۡنَهُۥ ثُمَّ يَجۡعَلُهُۥ رُكَامٗا فَتَرَى ٱلۡوَدۡقَ يَخۡرُجُ مِنۡ خِلَٰلِهِۦ وَيُنَزِّلُ مِنَ ٱلسَّمَآءِ مِن جِبَالٖ فِيهَا مِنۢ بَرَدٖ فَيُصِيبُ بِهِۦ مَن يَشَآءُ وَيَصۡرِفُهُۥ عَن مَّن يَشَآءُۖ يَكَادُ سَنَا بَرۡقِهِۦ يَذۡهَبُ بِٱلۡأَبۡصَٰرِ
۴۳﴿
(اور اے رسول) کیا آپ نے نہیں دیکھا کہ اللہ ہی بادلوں کو ہانکتا ہے پھر ان کو آپس میں ملا دیتا ہے، پھر ان کو تہ بہ تہ (ایک دوسرے کے اوپر) جما دیتا ہے، پھر آپ دیکھتے ہیں کہ بادلوں کے اندر سے مینھ برستا ہے اور بادل میں جو (اولوں کے) پہاڑ ہوتے ہیں اللہ ہی ان میں سے اولے نازل فرماتا ہے، پھر جس پر چاہتا ہے اولے برسا دیتا ہے اور جس پر سے چاہتا ہے اولوں کو پھیر دیتا ہے، (جب بجلی چمکتی ہے تو، ایسا معلوم ہوتا ہے کہ بادل سے نکلنے والی) بجلی کی چمک عنقریب آنکھوں (کی بینائی) کو اُچک لے جائے گی
يُقَلِّبُ ٱللَّهُ ٱلَّيۡلَ وَٱلنَّهَارَۚ إِنَّ فِي ذَٰلِكَ لَعِبۡرَةٗ لِّأُوْلِي ٱلۡأَبۡصَٰرِ
۴۴﴿
اللہ ہی رات اور دن کو بدلتا رہتا ہے، آنکھوں والوں کےلیے اس میں عبرت (کی بڑی نشانی) ہے
وَٱللَّهُ خَلَقَ كُلَّ دَآبَّةٖ مِّن مَّآءٖۖ فَمِنۡهُم مَّن يَمۡشِي عَلَىٰ بَطۡنِهِۦ وَمِنۡهُم مَّن يَمۡشِي عَلَىٰ رِجۡلَيۡنِ وَمِنۡهُم مَّن يَمۡشِي عَلَىٰٓ أَرۡبَعٖۚ يَخۡلُقُ ٱللَّهُ مَا يَشَآءُۚ إِنَّ ٱللَّهَ عَلَىٰ كُلِّ شَيۡءٖ قَدِيرٞ
۴۵﴿
اور اللہ ہی نے تمام جانوروں کو پانی سے پیدا کیا، ان (جانوروں) میں سے بعض ایسے ہیں جو پیٹ کے بل چلتے ہیں، بعض ایسے ہیں جو دو۲ پاؤں پر چلتے ہیں اور بعض ایسے ہیں جو چار۴ پاؤں پر چلتے ہیں، اللہ جو چاہتا ہے پیدا کرتا ہے، بےشک اللہ ہر چیز پر قادر ہے
لَّقَدۡ أَنزَلۡنَآ ءَايَٰتٖ مُّبَيِّنَٰتٖۚ وَٱللَّهُ يَهۡدِي مَن يَشَآءُ إِلَىٰ صِرَٰطٖ مُّسۡتَقِيمٖ
۴۶﴿
(اور اے لوگو) ہم نے واضح آیتیں نازل کر دی ہیں (تو اب تمھیں چاہیے کہ ان پر ایمان لے آؤ) اور اللہ جس کو چاہتا ہے سیدھے راستے کی طرف رہنمائی کر دیتا ہے
وَيَقُولُونَ ءَامَنَّا بِٱللَّهِ وَبِٱلرَّسُولِ وَأَطَعۡنَا ثُمَّ يَتَوَلَّىٰ فَرِيقٞ مِّنۡهُم مِّنۢ بَعۡدِ ذَٰلِكَۚ وَمَآ أُوْلَـٰٓئِكَ بِٱلۡمُؤۡمِنِينَ
۴۷﴿
اور (اے رسول، منافق) کہتے ہیں کہ ہم اللہ پر اور رسول پر ایمان لائے اور ہم اطاعت کریں گے، پھر اس (اقرار) کے بعد ان میں سے ایک جماعت (احکامِ الٰہی سے) منھ موڑ لیتی ہے اور (حقیقت یہ ہے کہ) یہ لوگ مومن نہیں ہیں
وَإِذَا دُعُوٓاْ إِلَى ٱللَّهِ وَرَسُولِهِۦ لِيَحۡكُمَ بَيۡنَهُمۡ إِذَا فَرِيقٞ مِّنۡهُم مُّعۡرِضُونَ
۴۸﴿
اور جب ان کو اللہ اور اُس کے رسول کی طرف بلایا جاتا ہے تاکہ (اللہ کے رسول) ان کے درمیان فیصلہ کر دیں تو ان میں سے ایک جماعت رُوگردانی کرتی ہے
وَإِن يَكُن لَّهُمُ ٱلۡحَقُّ يَأۡتُوٓاْ إِلَيۡهِ مُذۡعِنِينَ
۴۹﴿
اور اگر ان کا حق ہوتا ہے تو رسول کی طرف مطیع بن کر چلے آتے ہیں
أَفِي قُلُوبِهِم مَّرَضٌ أَمِ ٱرۡتَابُوٓاْ أَمۡ يَخَافُونَ أَن يَحِيفَ ٱللَّهُ عَلَيۡهِمۡ وَرَسُولُهُۥۚ بَلۡ أُوْلَـٰٓئِكَ هُمُ ٱلظَّـٰلِمُونَ
۵۰﴿
کیا ان کے دِلوں میں بیماری ہے یا انھیں (رسول کے برحق ہونے میں) شک ہے یا انھیں یہ ڈر ہے کہ اللہ اور اُس کا رسول ان پر ظلم کریں گے (نہیں اللہ اور اُس کا رسول تو ظالم نہیں کہ ان کی حق تلفی کریں) بلکہ یہ خود ہی ظالم (اور ناانصاف) ہیں
إِنَّمَا كَانَ قَوۡلَ ٱلۡمُؤۡمِنِينَ إِذَا دُعُوٓاْ إِلَى ٱللَّهِ وَرَسُولِهِۦ لِيَحۡكُمَ بَيۡنَهُمۡ أَن يَقُولُواْ سَمِعۡنَا وَأَطَعۡنَاۚ وَأُوْلَـٰٓئِكَ هُمُ ٱلۡمُفۡلِحُونَ
۵۱﴿
مومنین کی شان تو یہ ہونی چاہیے کہ جب انھیں اللہ اور اُس کے رسول کی طرف بلایا جائے تاکہ وہ (یعنی اللہ یا اُس کا رسول) ان کے درمیان فیصلہ کر دے تو وہ یہ کہیں کہ ہم نے سن لیا اور ہم اطاعت کریں گے اور یہ ہی لوگ فلاح پانے والے ہیں
وَمَن يُطِعِ ٱللَّهَ وَرَسُولَهُۥ وَيَخۡشَ ٱللَّهَ وَيَتَّقۡهِ فَأُوْلَـٰٓئِكَ هُمُ ٱلۡفَآئِزُونَ
۵۲﴿
اور جو شخص اللہ کی اور اُس کے رسول کی اطاعت کرے اور اللہ سے ڈرے اور اُس (کی نافرمانی) سے بچتا رہے تو ایسے ہی لوگ کامیاب ہونے والے ہیں
۞وَأَقۡسَمُواْ بِٱللَّهِ جَهۡدَ أَيۡمَٰنِهِمۡ لَئِنۡ أَمَرۡتَهُمۡ لَيَخۡرُجُنَّۖ قُل لَّا تُقۡسِمُواْۖ طَاعَةٞ مَّعۡرُوفَةٌۚ إِنَّ ٱللَّهَ خَبِيرُۢ بِمَا تَعۡمَلُونَ
۵۳﴿
اور (اے رسول) منافقین بڑی پختہ قسمیں کھا کر کہتے ہیں کہ اگر آپ نے انھیں حکم دیا تو وہ ضرور (لڑائی کےلیے) نکلیں گے، آپ کہہ دیجیے قسمیں نہ کھاؤ (تمھاری) فرماں برداری (کی حقیقت) تو معلوم ہے (اور) اللہ کو علم ہے جو کچھ تم کر رہے ہو
قُلۡ أَطِيعُواْ ٱللَّهَ وَأَطِيعُواْ ٱلرَّسُولَۖ فَإِن تَوَلَّوۡاْ فَإِنَّمَا عَلَيۡهِ مَا حُمِّلَ وَعَلَيۡكُم مَّا حُمِّلۡتُمۡۖ وَإِن تُطِيعُوهُ تَهۡتَدُواْۚ وَمَا عَلَى ٱلرَّسُولِ إِلَّا ٱلۡبَلَٰغُ ٱلۡمُبِينُ
۵۴﴿
(اے رسول) آپ کہہ دیجیے اللہ کی اطاعت کرو اور رسول کی اطاعت کرو پھر اگر تم منھ موڑو تو رسول پر (ان ہی باتوں کی ذِمّہ داری) ہے جن کے وہ مکلّف بنائے گئے ہیں اور تم پر (ان باتوں کی ذِمّہ داری) ہے جن کے مکلّف تم بنائے گئے ہو اور اگر تم رسول کی اطاعت کرو گے تو ہدایت پر چل کر منزلِ مقصود پر پہنچ جاؤ گے اور رسول کے ذِمّے تو بس (اللہ کے احکام کو) صاف صاف پہنچا دینا ہے
وَعَدَ ٱللَّهُ ٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ مِنكُمۡ وَعَمِلُواْ ٱلصَّـٰلِحَٰتِ لَيَسۡتَخۡلِفَنَّهُمۡ فِي ٱلۡأَرۡضِ كَمَا ٱسۡتَخۡلَفَ ٱلَّذِينَ مِن قَبۡلِهِمۡ وَلَيُمَكِّنَنَّ لَهُمۡ دِينَهُمُ ٱلَّذِي ٱرۡتَضَىٰ لَهُمۡ وَلَيُبَدِّلَنَّهُم مِّنۢ بَعۡدِ خَوۡفِهِمۡ أَمۡنٗاۚ يَعۡبُدُونَنِي لَا يُشۡرِكُونَ بِي شَيۡـٔٗاۚ وَمَن كَفَرَ بَعۡدَ ذَٰلِكَ فَأُوْلَـٰٓئِكَ هُمُ ٱلۡفَٰسِقُونَ
۵۵﴿
اور (اے لوگو) تم میں سے جو لوگ ایمان لائے اور نیک عمل کرتے رہے اللہ کا ان سے وعدہ ہے کہ وہ انھیں زمین میں خلافت عطا فرمائے گا جس طرح ان سے پہلے لوگوں کو عطا کی تھی اور ان کے دین کو جسے اس نے ان کےلیے پسند کیا ہے ان کےلیے مستحکم (و مضبوط) کر دے گا اور ان کے (موجودہ) خوف (کو ختم کرنے) کے بعد (اس کے) بدلے میں انھیں امن (و سکون) عطا فرمائے گا، وہ (ایسے لوگ ہوں گے کہ صرف) میری عبادت کریں گے اور میرے ساتھ ذرا سا بھی شرک نہیں کریں گے اور جو اس (نعمت کے مل جانے) کے بعد بھی کفر کرے تو ایسے لوگ فاسق ہیں
وَأَقِيمُواْ ٱلصَّلَوٰةَ وَءَاتُواْ ٱلزَّكَوٰةَ وَأَطِيعُواْ ٱلرَّسُولَ لَعَلَّكُمۡ تُرۡحَمُونَ
۵۶﴿
اور (اے ایمان والو) نماز قائم کرو، زکوٰۃ ادا کرو اور رسول کی اطاعت کرو تاکہ تم پر رحم کیا جائے
لَا تَحۡسَبَنَّ ٱلَّذِينَ كَفَرُواْ مُعۡجِزِينَ فِي ٱلۡأَرۡضِۚ وَمَأۡوَىٰهُمُ ٱلنَّارُۖ وَلَبِئۡسَ ٱلۡمَصِيرُ
۵۷﴿
(اور اے رسول) یہ خیال نہ کرنا کہ کافر زمین میں (اللہ کو) عاجز کر دیں گے (نہیں، وہ خود عاجز ہیں) ان کا ٹھکانہ دوزخ ہے اور وہ بہت بُرا ٹھکانہ ہے
يَـٰٓأَيُّهَا ٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ لِيَسۡتَـٔۡذِنكُمُ ٱلَّذِينَ مَلَكَتۡ أَيۡمَٰنُكُمۡ وَٱلَّذِينَ لَمۡ يَبۡلُغُواْ ٱلۡحُلُمَ مِنكُمۡ ثَلَٰثَ مَرَّـٰتٖۚ مِّن قَبۡلِ صَلَوٰةِ ٱلۡفَجۡرِ وَحِينَ تَضَعُونَ ثِيَابَكُم مِّنَ ٱلظَّهِيرَةِ وَمِنۢ بَعۡدِ صَلَوٰةِ ٱلۡعِشَآءِۚ ثَلَٰثُ عَوۡرَٰتٖ لَّكُمۡۚ لَيۡسَ عَلَيۡكُمۡ وَلَا عَلَيۡهِمۡ جُنَاحُۢ بَعۡدَهُنَّۚ طَوَّـٰفُونَ عَلَيۡكُم بَعۡضُكُمۡ عَلَىٰ بَعۡضٖۚ كَذَٰلِكَ يُبَيِّنُ ٱللَّهُ لَكُمُ ٱلۡأٓيَٰتِۗ وَٱللَّهُ عَلِيمٌ حَكِيمٞ
۵۸﴿
اے ایمان والو، تمھارے غلام اور لونڈی اور تم میں سے وہ جو (ابھی) بالغ نہیں ہوئے انھیں چاہیے کہ تین۳ اوقات میں (تمھارے پاس آنے کےلیے) تم سے اجازت لیا کریں، نمازِ فجر سے پہلے، دوپہر کے وقت جب تم (قیلولہ کرنے کےلیے) اپنے کپڑے اتار دیتے ہو اور نمازِ عشاء کے بعد، یہ تین۳ اوقات تمھارے لیے پردے کے اوقات ہیں، ان (اوقات کے گزرنے کے) بعد (ان کے بے اجازت آنے کا) نہ تم پر کوئی گناہ ہے اور نہ ان پر کوئی گناہ ہے (اس لیے کہ) تم کو ایک دوسرے کے پاس آنا جانا ہوتا ہے (اور یہ ناگزیر ہے) اس طرح اللہ (اپنی) آیات کو تم سے وضاحت کے ساتھ بیان کر رہا ہے (تاکہ تم بآسانی ان کو سمجھ کر ان پر عمل کر سکو) بلاشبہ اللہ علم والا، حکمت والا ہے
وَإِذَا بَلَغَ ٱلۡأَطۡفَٰلُ مِنكُمُ ٱلۡحُلُمَ فَلۡيَسۡتَـٔۡذِنُواْ كَمَا ٱسۡتَـٔۡذَنَ ٱلَّذِينَ مِن قَبۡلِهِمۡۚ كَذَٰلِكَ يُبَيِّنُ ٱللَّهُ لَكُمۡ ءَايَٰتِهِۦۗ وَٱللَّهُ عَلِيمٌ حَكِيمٞ
۵۹﴿
اور (اے ایمان والو) جب تمھارے لڑکے بالغ ہو جائیں تو پھر انھیں بھی (ہر وقت اسی طرح) اجازت لینی چاہیے جس طرح وہ لوگ اجازت لیتے رہے ہیں جو ان (کے حدِّ بلوغ کو پہنچنے) سے پہلے (بالغ) تھے، اسی طرح اللہ اپنی آیات کو وضاحت کے ساتھ تم سے بیان کر رہا ہے (تا کہ تم ان پر عمل کر سکو) بےشک اللہ علم والا، حکمت والا ہے
وَٱلۡقَوَٰعِدُ مِنَ ٱلنِّسَآءِ ٱلَّـٰتِي لَا يَرۡجُونَ نِكَاحٗا فَلَيۡسَ عَلَيۡهِنَّ جُنَاحٌ أَن يَضَعۡنَ ثِيَابَهُنَّ غَيۡرَ مُتَبَرِّجَٰتِۭ بِزِينَةٖۖ وَأَن يَسۡتَعۡفِفۡنَ خَيۡرٞ لَّهُنَّۗ وَٱللَّهُ سَمِيعٌ عَلِيمٞ
۶۰﴿
اور بڑی بوڑھی عورتیں جن کو نکاح کی کوئی توقّع نہیں رہی اگر اپنی چادریں اتار دیں تو ان پر کوئی گناہ نہیں بشرط یہ کہ (اپنی) زینت (کی چیزوں) کو ظاہر نہ کریں اور اگر (چادر اتارنے سے بھی) بچیں تو یہ ان کےلیے بہتر ہے، بےشک اللہ سننے والا، جاننے والا ہے
لَّيۡسَ عَلَى ٱلۡأَعۡمَىٰ حَرَجٞ وَلَا عَلَى ٱلۡأَعۡرَجِ حَرَجٞ وَلَا عَلَى ٱلۡمَرِيضِ حَرَجٞ وَلَا عَلَىٰٓ أَنفُسِكُمۡ أَن تَأۡكُلُواْ مِنۢ بُيُوتِكُمۡ أَوۡ بُيُوتِ ءَابَآئِكُمۡ أَوۡ بُيُوتِ أُمَّهَٰتِكُمۡ أَوۡ بُيُوتِ إِخۡوَٰنِكُمۡ أَوۡ بُيُوتِ أَخَوَٰتِكُمۡ أَوۡ بُيُوتِ أَعۡمَٰمِكُمۡ أَوۡ بُيُوتِ عَمَّـٰتِكُمۡ أَوۡ بُيُوتِ أَخۡوَٰلِكُمۡ أَوۡ بُيُوتِ خَٰلَٰتِكُمۡ أَوۡ مَا مَلَكۡتُم مَّفَاتِحَهُۥٓ أَوۡ صَدِيقِكُمۡۚ لَيۡسَ عَلَيۡكُمۡ جُنَاحٌ أَن تَأۡكُلُواْ جَمِيعًا أَوۡ أَشۡتَاتٗاۚ فَإِذَا دَخَلۡتُم بُيُوتٗا فَسَلِّمُواْ عَلَىٰٓ أَنفُسِكُمۡ تَحِيَّةٗ مِّنۡ عِندِ ٱللَّهِ مُبَٰرَكَةٗ طَيِّبَةٗۚ كَذَٰلِكَ يُبَيِّنُ ٱللَّهُ لَكُمُ ٱلۡأٓيَٰتِ لَعَلَّكُمۡ تَعۡقِلُونَ
۶۱﴿
نہ نابینا پر کوئی گناہ ہے، نہ لنگڑے پر کوئی گناہ ہے، نہ مریض پر کوئی گناہ ہے اور نہ خود تم پر (کوئی گناہ ہے) اگر تم اپنے گھروں سے یا اپنے باپوں کے گھروں سے یا اپنی ماؤں کے گھروں سے یا اپنے بھائیوں کے گھروں سے یا اپنی بہنوں کے گھروں سے یا اپنے چچاؤں کے گھروں سے یا اپنی پھوپھیوں کے گھروں سے یا اپنے ماموؤں کے گھروں سے یا اپنی خالاؤں کے گھروں سے یا اس گھر سے جس کی کنجیاں تمھارے اختیار میں ہیں یا اپنے دوست کے گھر سے کھاؤ (پیو) اور (اے ایمان والو) تم پر کوئی گناہ نہیں خواہ تم سب مل کر کھاؤ یا علیٰحدہ علیٰحدہ اور (اے ایمان والو) جب تم (اپنے) گھروں میں داخل ہوا کرو تو اپنے گھر والوں کو سلام کیا کرو یہ اللہ کی طرف سے مبارک اور پاکیزہ تحفہ (اور دعائے خیر) ہے، اس طرح اللہ تم سے اپنی آیات کو وضاحت کے ساتھ بیان کر رہا ہے تاکہ تم (بآسانی) سمجھ سکو
إِنَّمَا ٱلۡمُؤۡمِنُونَ ٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ بِٱللَّهِ وَرَسُولِهِۦ وَإِذَا كَانُواْ مَعَهُۥ عَلَىٰٓ أَمۡرٖ جَامِعٖ لَّمۡ يَذۡهَبُواْ حَتَّىٰ يَسۡتَـٔۡذِنُوهُۚ إِنَّ ٱلَّذِينَ يَسۡتَـٔۡذِنُونَكَ أُوْلَـٰٓئِكَ ٱلَّذِينَ يُؤۡمِنُونَ بِٱللَّهِ وَرَسُولِهِۦۚ فَإِذَا ٱسۡتَـٔۡذَنُوكَ لِبَعۡضِ شَأۡنِهِمۡ فَأۡذَن لِّمَن شِئۡتَ مِنۡهُمۡ وَٱسۡتَغۡفِرۡ لَهُمُ ٱللَّهَۚ إِنَّ ٱللَّهَ غَفُورٞ رَّحِيمٞ
۶۲﴿
مومن تو وہ لوگ ہیں جو اللہ اور اُس کے رسول پرایمان لائے اور جب وہ ایسے کام کے سلسلے میں جس میں لوگوں کے جمع ہونے کی ضرورت ہوتی ہے رسول کے پاس ہوتے ہیں تو (وہاں سے) نہیں جاتے جب تک رسول سے اجازت نہ لے لیں۔(اے رسول) جو لوگ آپ سے اجازت لیتے ہیں یہ ہی لوگ (درحقیقت) اللہ اور اُس کے رسول پر ایمان رکھتے ہیں تو (اے رسول) جب یہ اپنے کسی کام کےلیے آپ سے اجازت مانگیں تو آپ ان میں سے جس کو چاہیں اجازت دے دیں اور (اے رسول) آپ ان کےلیے بخشش کی دعا کیا کریں، بےشک اللہ بخشنے والا، رحم کرنے والا ہے
لَّا تَجۡعَلُواْ دُعَآءَ ٱلرَّسُولِ بَيۡنَكُمۡ كَدُعَآءِ بَعۡضِكُم بَعۡضٗاۚ قَدۡ يَعۡلَمُ ٱللَّهُ ٱلَّذِينَ يَتَسَلَّلُونَ مِنكُمۡ لِوَاذٗاۚ فَلۡيَحۡذَرِ ٱلَّذِينَ يُخَالِفُونَ عَنۡ أَمۡرِهِۦٓ أَن تُصِيبَهُمۡ فِتۡنَةٌ أَوۡ يُصِيبَهُمۡ عَذَابٌ أَلِيمٌ
۶۳﴿
(اے ایمان والو) رسول کے بلانے کو ایسا نہ سمجھو جیسا تمھارا آپس میں ایک دوسرے کو بلانا، اللہ ان لوگوں کو خوب جانتا ہے جو تم میں سے چُھپ کر چُپکے سے کھسک جاتے ہیں، تو جو لوگ رسول کے حکم (یا فعل) کی مخالفت کرتے ہیں انھیں ڈرنا چاہیے کہ کہیں وہ کسی فتنے میں مبتلا نہ ہو جائیں یا ان پر کوئی دردناک عذاب نہ نازل ہو جائے
أَلَآ إِنَّ لِلَّهِ مَا فِي ٱلسَّمَٰوَٰتِ وَٱلۡأَرۡضِۖ قَدۡ يَعۡلَمُ مَآ أَنتُمۡ عَلَيۡهِ وَيَوۡمَ يُرۡجَعُونَ إِلَيۡهِ فَيُنَبِّئُهُم بِمَا عَمِلُواْۗ وَٱللَّهُ بِكُلِّ شَيۡءٍ عَلِيمُۢ
۶۴﴿
خبردار آسمانوں میں اور زمین میں جو کچھ ہے (سب) اللہ کا ہے، اللہ (خوب) جانتا ہے کہ تم کس روِش پر (چلے جا رہے) ہو اور (اے لوگو) جس دن لوگ اُس کی طرف لوٹائے جائیں گے تو (اس دن) وہ انھیں بتائے گا کہ وہ کیا کیا کرتے رہے تھے اور اللہ ہر چیز سے واقف ہے

Share This Surah, Choose Your Platform!