As-Saaffatسُوۡرَةُ الصَّافات

بِسۡمِ ٱللَّهِ ٱلرَّحۡمَٰنِ ٱلرَّحِيمِ
.﴿
بے حد مہربان اور بہت رحم کرنے والے اللہ کے نام کے ساتھ
وَٱلصَّـٰٓفَّـٰتِ صَفّٗا
۱﴿
قسم ہے ان (فرشتوں) کی جو صف بصف کھڑے ہوتے ہیں
فَٱلزَّـٰجِرَٰتِ زَجۡرٗا
۲﴿
پھر وہ (اپنے گھوڑوں کو دشمن کی طرف بڑھنے کےلیے) ڈانٹتے ہیں
فَٱلتَّـٰلِيَٰتِ ذِكۡرًا
۳﴿
پھر (اللہ کے نازل کردہ) ذِکر (یعنی قرآن مجید) کی تلاوت کرتے ہیں
إِنَّ إِلَٰهَكُمۡ لَوَٰحِدٞ
۴﴿
بےشک تمھارا الٰہ ایک ہے
رَّبُّ ٱلسَّمَٰوَٰتِ وَٱلۡأَرۡضِ وَمَا بَيۡنَهُمَا وَرَبُّ ٱلۡمَشَٰرِقِ
۵﴿
(جو) آسمانوں کا، زمین کا اور جو چیزیں ان دونوں کے درمیان ہیں ان سب کا ربّ ہے اور (جو) ان تمام مقامات کا ربّ ہے جہاں سے سورج (سال کے مختلف ایّام میں) طلوع ہوتا ہے
إِنَّا زَيَّنَّا ٱلسَّمَآءَ ٱلدُّنۡيَا بِزِينَةٍ ٱلۡكَوَاكِبِ
۶﴿
بےشک ہم ہی نے آسمانِ دنیا کو ستاروں سے مزیّن کیا
وَحِفۡظٗا مِّن كُلِّ شَيۡطَٰنٖ مَّارِدٖ
۷﴿
اور تمام سرکش شیطانوں سے اس کو محفوظ بنایا
لَّا يَسَّمَّعُونَ إِلَى ٱلۡمَلَإِ ٱلۡأَعۡلَىٰ وَيُقۡذَفُونَ مِن كُلِّ جَانِبٖ
۸﴿
(اب) وہ اوپر کی مجلس کی طرف (ان کی باتوں کو سننے کےلیے) کان بھی نہیں لگا سکتے (اگر وہ ایسا کرنا چاہتے ہیں تو) ان پر ہر طرف سے (انگارے) پھینکے جاتے ہیں
دُحُورٗاۖ وَلَهُمۡ عَذَابٞ وَاصِبٌ
۹﴿
(یہ انگارے ان کو وہاں سے) نکالنے کےلیے (پھینکے جاتے ہیں) اور (قیامت کے دن) ان کےلیے دائمی عذاب ہے
إِلَّا مَنۡ خَطِفَ ٱلۡخَطۡفَةَ فَأَتۡبَعَهُۥ شِهَابٞ ثَاقِبٞ
۱۰﴿
(الغرض شیاطین مجلسِ بالا کی باتیں نہیں سن سکتے) مگر ہاں جو (شیطان) کوئی بات اُچک ہی لے جائے تو چمکتا ہوا انگارا اس کا پیچھا کرتا ہے
فَٱسۡتَفۡتِهِمۡ أَهُمۡ أَشَدُّ خَلۡقًا أَم مَّنۡ خَلَقۡنَآۚ إِنَّا خَلَقۡنَٰهُم مِّن طِينٖ لَّازِبِۭ
۱۱﴿
(اے رسول) آپ (ان سے) پوچھیے کیا ان کا پیدا کرنا زیادہ مشکل ہے یا (ان تمام چیزوں کا پیدا کرنا زیادہ مشکل ہے) جن کو ہم نے پیدا کیا ہے، ان کو تو ہم نے چپکنے والی مٹّی سے پیدا کیا ہے
بَلۡ عَجِبۡتَ وَيَسۡخَرُونَ
۱۲﴿
(اے رسول) آپ کو تو (ان کے انکارِ قیامت سے) تعجّب ہوتا ہے اور وہ (قیامت کا) مذاق اڑاتے ہیں
وَإِذَا ذُكِّرُواْ لَا يَذۡكُرُونَ
۱۳﴿
اور جب انھیں نصیحت کی جاتی ہے تو اسے قبول نہیں کرتے
وَإِذَا رَأَوۡاْ ءَايَةٗ يَسۡتَسۡخِرُونَ
۱۴﴿
اور جب کوئی معجزہ دیکھتے ہیں تو اس کی ہنسی اڑاتے ہیں
وَقَالُوٓاْ إِنۡ هَٰذَآ إِلَّا سِحۡرٞ مُّبِينٌ
۱۵﴿
اور کہتے ہیں یہ تو کھلا جادو ہے
أَءِذَا مِتۡنَا وَكُنَّا تُرَابٗا وَعِظَٰمًا أَءِنَّا لَمَبۡعُوثُونَ
۱۶﴿
(پھر کہتے ہیں) کیا جب ہم مر جائیں گے اور مٹّی اور ہڈّیاں ہو جائیں گے تو کیا ہم (دوبارہ) زندہ کیے جائیں گے
أَوَ ءَابَآؤُنَا ٱلۡأَوَّلُونَ
۱۷﴿
اور کیا ہمارے اگلے باپ دادا (بھی زندہ کیے جائیں گے)
قُلۡ نَعَمۡ وَأَنتُمۡ دَٰخِرُونَ
۱۸﴿
(اے رسول) آپ کہہ دیجیے ہاں (ایسا ہی ہو گا) اور (جس دن ایسا ہو گا اس دن) تم ذلیل و خوار ہو گے
فَإِنَّمَا هِيَ زَجۡرَةٞ وَٰحِدَةٞ فَإِذَا هُمۡ يَنظُرُونَ
۱۹﴿
(اور اے رسول، قیامت کے واقع ہونے میں کچھ دیر نہیں لگے گی) وہ تو بس ایک جِھڑکی (جیسی آواز) ہو گی (اور) یہ سب (فورًا زندہ ہو کر حیرانی کے ساتھ) دیکھنے لگیں گے
وَقَالُواْ يَٰوَيۡلَنَا هَٰذَا يَوۡمُ ٱلدِّينِ
۲۰﴿
اور کہیں گے ہائے ہماری خرابی یہ تو انصاف کا دن ہے
هَٰذَا يَوۡمُ ٱلۡفَصۡلِ ٱلَّذِي كُنتُم بِهِۦ تُكَذِّبُونَ
۲۱﴿
(اس وقت ان سے کہا جائے گا ہاں) یہ وہی فیصلے کا دن ہے جس کو تم جھٹلایا کرتے تھے
۞ٱحۡشُرُواْ ٱلَّذِينَ ظَلَمُواْ وَأَزۡوَٰجَهُمۡ وَمَا كَانُواْ يَعۡبُدُونَ
۲۲﴿
(پھر اللہ فرشتوں سے فرمائے گا) ان لوگوں کو جو ظلم کرتے تھے اور ان کے ہم جنسوں اور جن جن کی (ان کی مرضی سے) یہ لوگ عبادت کرتے تھے سب کو اکٹّھا کرو
مِن دُونِ ٱللَّهِ فَٱهۡدُوهُمۡ إِلَىٰ صِرَٰطِ ٱلۡجَحِيمِ
۲۳﴿
(یعنی ان معبودوں کو جمع کرو جن کو یہ) اللہ کے علاوہ (پُوجتے تھے) پھر ان سب کو جہنّم کا راستہ دکھادو
وَقِفُوهُمۡۖ إِنَّهُم مَّسۡـُٔولُونَ
۲۴﴿
لیکن (ابھی) انھیں روکے رکھو، ان سے باز پُرس ہو گی
مَا لَكُمۡ لَا تَنَاصَرُونَ
۲۵﴿
(پھر ان سے کہا جائے گا) تم ایک دوسرے کی مدد کیوں نہیں کرتے
بَلۡ هُمُ ٱلۡيَوۡمَ مُسۡتَسۡلِمُونَ
۲۶﴿
(اور اے رسول، اس دن وہ نافرمانی نہیں کریں گے) بلکہ اس دن سب کے سب مطیع و فرماں بردار ہوں گے
وَأَقۡبَلَ بَعۡضُهُمۡ عَلَىٰ بَعۡضٖ يَتَسَآءَلُونَ
۲۷﴿
پھر وہ ایک دوسرے کی طرف منھ کر کے آپس میں سوال کریں گے
قَالُوٓاْ إِنَّكُمۡ كُنتُمۡ تَأۡتُونَنَا عَنِ ٱلۡيَمِينِ
۲۸﴿
(پیروی کرنے والے اپنے بزرگوں اور عالموں سے کہیں گے) تم ہمارے پاس بڑی قوّت کے ساتھ آتے تھے (تم ہی نے ہمیں ایمان لانے سے باز رکھا)
قَالُواْ بَل لَّمۡ تَكُونُواْ مُؤۡمِنِينَ
۲۹﴿
وہ جواب دیں گے نہیں (ہم نے تمھیں ایمان لانے سے باز نہیں رکھا) بلکہ تم خود ہی ایمان نہیں لائے
وَمَا كَانَ لَنَا عَلَيۡكُم مِّن سُلۡطَٰنِۭۖ بَلۡ كُنتُمۡ قَوۡمٗا طَٰغِينَ
۳۰﴿
ہمیں تم پر کوئی قابو حاصل نہیں تھا (کہ زبردستی تم کو غلط راستے پر لے جاتے) بلکہ تم خود ہی سرکش لوگ تھے
فَحَقَّ عَلَيۡنَا قَوۡلُ رَبِّنَآۖ إِنَّا لَذَآئِقُونَ
۳۱﴿
ہمارے بارے میں اللہ کا وعدہ سچ ثابت ہوا، اب ہم (اس وعدے کے مطابق عذاب کا) مزا چکھیں گے
فَأَغۡوَيۡنَٰكُمۡ إِنَّا كُنَّا غَٰوِينَ
۳۲﴿
ہم نے تم کو بہکایا (ضرور) تھا (تو بات یہ ہے کہ) ہم خود بہکے ہوئے تھے
فَإِنَّهُمۡ يَوۡمَئِذٖ فِي ٱلۡعَذَابِ مُشۡتَرِكُونَ
۳۳﴿
تو (اے رسول) اس دن وہ لوگ عذاب میں ایک دوسرے کے شریک ہوں گے
إِنَّا كَذَٰلِكَ نَفۡعَلُ بِٱلۡمُجۡرِمِينَ
۳۴﴿
(اور اے رسول) ہم گناہ گاروں کے ساتھ یقینًا ایسا ہی کریں گے
إِنَّهُمۡ كَانُوٓاْ إِذَا قِيلَ لَهُمۡ لَآ إِلَٰهَ إِلَّا ٱللَّهُ يَسۡتَكۡبِرُونَ
۳۵﴿
یہ لوگ ایسے تھے کہ جب ان سے کہا جاتا تھا کہ اللہ کے علاوہ کوئی الٰہ نہیں تو تکبّر کرتے تھے
وَيَقُولُونَ أَئِنَّا لَتَارِكُوٓاْ ءَالِهَتِنَا لِشَاعِرٖ مَّجۡنُونِۭ
۳۶﴿
اور (اس طرح) کہتے تھے کہ کیا ہم ایک دیوانے شاعر (کے کہنے) سے اپنے معبودوں کو چھوڑ دیں گے
بَلۡ جَآءَ بِٱلۡحَقِّ وَصَدَّقَ ٱلۡمُرۡسَلِينَ
۳۷﴿
(حالانکہ وہ دیوانے یا شاعر نہیں تھے) بلکہ وہ حق لے کر آئے تھے اور (گزشتہ) انبیا کی تصدیق بھی کرتے تھے
إِنَّكُمۡ لَذَآئِقُواْ ٱلۡعَذَابِ ٱلۡأَلِيمِ
۳۸﴿
(پھر ان سے کہا جائے گا اب) تم دردناک عذاب کا مزا چکھو
وَمَا تُجۡزَوۡنَ إِلَّا مَا كُنتُمۡ تَعۡمَلُونَ
۳۹﴿
تم کو ان ہی اعمال کا بدلہ ملے گا جو تم (دنیا میں) کرتے رہے تھے
إِلَّا عِبَادَ ٱللَّهِ ٱلۡمُخۡلَصِينَ
۴۰﴿
مگر (جو) اللہ کے پسندیدہ بندے ہیں
أُوْلَـٰٓئِكَ لَهُمۡ رِزۡقٞ مَّعۡلُومٞ
۴۱﴿
ان کےلیے مقرّرہ رزق ہے
فَوَٰكِهُ وَهُم مُّكۡرَمُونَ
۴۲﴿
یعنی (ان کو کھانے کےلیے) پھل (دیے جائیں گے) اور ان کی بڑی عزّت کی جائے گی
فِي جَنَّـٰتِ ٱلنَّعِيمِ
۴۳﴿
نعمت کے باغوں میں (وہ رہیں گے)
عَلَىٰ سُرُرٖ مُّتَقَٰبِلِينَ
۴۴﴿
ایک دوسرے کے مقابل تختوں پر بیٹھے ہوں گے
يُطَافُ عَلَيۡهِم بِكَأۡسٖ مِّن مَّعِينِۭ
۴۵﴿
ان میں چشمۂ جاری کی شراب کے جاموں کا دور چل رہا ہو گا
بَيۡضَآءَ لَذَّةٖ لِّلشَّـٰرِبِينَ
۴۶﴿
(وہ شراب) سفید ہو گی اور (اس میں) پینے والوں کےلیے (بڑی) لذّت ہو گی
لَا فِيهَا غَوۡلٞ وَلَا هُمۡ عَنۡهَا يُنزَفُونَ
۴۷﴿
نہ اس میں نشہ ہو گا اور نہ اس سے ان کی عقلیں زائل ہوں گی
وَعِندَهُمۡ قَٰصِرَٰتُ ٱلطَّرۡفِ عِينٞ
۴۸﴿
ان کے پاس نیچی نگاہ رکھنے والی اور بڑی بڑی آنکھوں والی (عورتیں بیٹھی) ہوں گی
كَأَنَّهُنَّ بَيۡضٞ مَّكۡنُونٞ
۴۹﴿
(وہ ایسی معلوم ہوں گی) گویا کہ وہ چُھپائے ہوئے انڈے ہیں
فَأَقۡبَلَ بَعۡضُهُمۡ عَلَىٰ بَعۡضٖ يَتَسَآءَلُونَ
۵۰﴿
پھر وہ آپس میں ایک دوسرے کی طرف منھ کر کے سوال کریں گے
قَالَ قَآئِلٞ مِّنۡهُمۡ إِنِّي كَانَ لِي قَرِينٞ
۵۱﴿
ان میں سے ایک کہنے والا کہے گا (دنیا میں) میرا ایک ساتھی تھا
يَقُولُ أَءِنَّكَ لَمِنَ ٱلۡمُصَدِّقِينَ
۵۲﴿
وہ کہتا تھا کیا تم ایسی (عجیب) بات کی تصدیق کرتے ہو
أَءِذَا مِتۡنَا وَكُنَّا تُرَابٗا وَعِظَٰمًا أَءِنَّا لَمَدِينُونَ
۵۳﴿
کیا جب ہم مر کر مٹّی اور ہڈّیاں ہو جائیں گے تو ہمارا محاسبہ ہو گا
قَالَ هَلۡ أَنتُم مُّطَّلِعُونَ
۵۴﴿
(پھر) وہ کہنے والا کہے گا کیا تم (اسے) جھانک کر دیکھنا چاہتے ہو؟
فَٱطَّلَعَ فَرَءَاهُ فِي سَوَآءِ ٱلۡجَحِيمِ
۵۵﴿
(یہ کہہ کر وہ) جھانک کر دیکھے گا تو اسے وسطِ دوزخ میں (جلتا ہوا) دیکھے گا
قَالَ تَٱللَّهِ إِن كِدتَّ لَتُرۡدِينِ
۵۶﴿
وہ کہے گا اللہ کی قسم تو نے مجھے ہلاک کر ہی دیا ہوتا
وَلَوۡلَا نِعۡمَةُ رَبِّي لَكُنتُ مِنَ ٱلۡمُحۡضَرِينَ
۵۷﴿
اور اگر (مجھ پر) میرے ربّ کی رحمت نہ ہوتی تو میں (دوزخ کے عذاب میں) گرفتار ہوتا
أَفَمَا نَحۡنُ بِمَيِّتِينَ
۵۸﴿
کیا یہ بات (صحیح) نہیں کہ اب ہم (کبھی) نہیں مریں گے
إِلَّا مَوۡتَتَنَا ٱلۡأُولَىٰ وَمَا نَحۡنُ بِمُعَذَّبِينَ
۵۹﴿
البتّہ پہلی مرتبہ کا مرنا (تو وہ ہم مر چکے) اور کیا یہ بات (صحیح) نہیں کہ ہمیں عذاب بھی کبھی نہیں ہو گا
إِنَّ هَٰذَا لَهُوَ ٱلۡفَوۡزُ ٱلۡعَظِيمُ
۶۰﴿
بےشک یہ بہت بڑی کامیابی ہے
لِمِثۡلِ هَٰذَا فَلۡيَعۡمَلِ ٱلۡعَٰمِلُونَ
۶۱﴿
ایسی کامیابی کےلیے عمل کرنے والوں کو عمل کرنا چاہیے
أَذَٰلِكَ خَيۡرٞ نُّزُلًا أَمۡ شَجَرَةُ ٱلزَّقُّومِ
۶۲﴿
کیا مہمانی کےلیے یہ بہتر ہے یا زقّوم کا درخت
إِنَّا جَعَلۡنَٰهَا فِتۡنَةٗ لِّلظَّـٰلِمِينَ
۶۳﴿
ہم نے اس درخت کو ظالموں کےلیے (ذریعۂ) آزمائش بنایا ہے
إِنَّهَا شَجَرَةٞ تَخۡرُجُ فِيٓ أَصۡلِ ٱلۡجَحِيمِ
۶۴﴿
وہ ایک درخت ہے جو دوزخ کی جڑ میں اگتا ہے
طَلۡعُهَا كَأَنَّهُۥ رُءُوسُ ٱلشَّيَٰطِينِ
۶۵﴿
اس کے خوشے ایسے ہیں جیسے شیاطین کے سر
فَإِنَّهُمۡ لَأٓكِلُونَ مِنۡهَا فَمَالِـُٔونَ مِنۡهَا ٱلۡبُطُونَ
۶۶﴿
وہ ظالم اسی میں سے کھائیں گے اور اسی سے پیٹ بھریں گے
ثُمَّ إِنَّ لَهُمۡ عَلَيۡهَا لَشَوۡبٗا مِّنۡ حَمِيمٖ
۶۷﴿
پھر اس کے بعد انھیں گرم پانی کا آمیزہ دیا جائے گا
ثُمَّ إِنَّ مَرۡجِعَهُمۡ لَإِلَى ٱلۡجَحِيمِ
۶۸﴿
(اے رسول، بےشک ان لوگوں کو مرنا ہے) پھر ان کو دوزخ کی طرف لوٹنا ہے
إِنَّهُمۡ أَلۡفَوۡاْ ءَابَآءَهُمۡ ضَآلِّينَ
۶۹﴿
انھوں نے اپنے آباء و اجداد کو گمراہ پایا
فَهُمۡ عَلَىٰٓ ءَاثَٰرِهِمۡ يُهۡرَعُونَ
۷۰﴿
تو یہ بھی ان کے نقشِ قدم پر تیزی سے چلے جا رہے ہیں
وَلَقَدۡ ضَلَّ قَبۡلَهُمۡ أَكۡثَرُ ٱلۡأَوَّلِينَ
۷۱﴿
ان سے پہلے بھی اگلوں میں سے اکثر لوگ گمراہ تھے
وَلَقَدۡ أَرۡسَلۡنَا فِيهِم مُّنذِرِينَ
۷۲﴿
ہم نے ان میں ڈرانے والے بھیجے تھے
فَٱنظُرۡ كَيۡفَ كَانَ عَٰقِبَةُ ٱلۡمُنذَرِينَ
۷۳﴿
تو (اے رسول) آپ دیکھ لیجیے کہ جن کو ڈرایا گیا تھا ان کا انجام کیسا ہوا
إِلَّا عِبَادَ ٱللَّهِ ٱلۡمُخۡلَصِينَ
۷۴﴿
البتّہ ان میں سے جو اللہ کے پسندیدہ بندے تھے (وہ بُرے انجام سے بچ گئے)
وَلَقَدۡ نَادَىٰنَا نُوحٞ فَلَنِعۡمَ ٱلۡمُجِيبُونَ
۷۵﴿
اور (اے رسول، وہ وقت یاد کیجیے جب) نوح نے ہمیں پکارا تو (ہم نے ان کی دعا قبول کر لی اور) ہم کتنے اچّھے دعا قبول کرنے والے ہیں
وَنَجَّيۡنَٰهُ وَأَهۡلَهُۥ مِنَ ٱلۡكَرۡبِ ٱلۡعَظِيمِ
۷۶﴿
ہم نے ان کو اور ان کے گھر والوں کو (ایک بہت) بڑی مصیبت سے نجات دی
وَجَعَلۡنَا ذُرِّيَّتَهُۥ هُمُ ٱلۡبَاقِينَ
۷۷﴿
اور ان کی اولاد ہی کو ہم نے باقی رہنے دیا (اور صرف ان ہی سے نسلِ انسانی چلی)
وَتَرَكۡنَا عَلَيۡهِ فِي ٱلۡأٓخِرِينَ
۷۸﴿
اور ہم نے بعد والوں میں ان کا ذِکرِ خیر باقی رکھا
سَلَٰمٌ عَلَىٰ نُوحٖ فِي ٱلۡعَٰلَمِينَ
۷۹﴿
وہ یہ کہ (مسلم) اقوامِ عالَم میں (جب کبھی ان کا ذِکر آتا ہے تو یہ ہی کہا جاتا ہے کہ) نوح پر سلام ہو
إِنَّا كَذَٰلِكَ نَجۡزِي ٱلۡمُحۡسِنِينَ
۸۰﴿
نیکی کرنے والوں کو ہم اسی طرح بدلہ دیا کرتے ہیں
إِنَّهُۥ مِنۡ عِبَادِنَا ٱلۡمُؤۡمِنِينَ
۸۱﴿
بےشک وہ ہمارے مومن بندوں میں سے تھے
ثُمَّ أَغۡرَقۡنَا ٱلۡأٓخَرِينَ
۸۲﴿
(ان کو اور ایمان والوں کو بچانے کے بعد) پھر ہم نے باقی لوگوں کو غرق کر دیا
۞وَإِنَّ مِن شِيعَتِهِۦ لَإِبۡرَٰهِيمَ
۸۳﴿
اور (اے رسول) بےشک ابراہیم بھی ان ہی کے متّبعین میں سے تھے
إِذۡ جَآءَ رَبَّهُۥ بِقَلۡبٖ سَلِيمٍ
۸۴﴿
(اور وہ وقت یاد کیجیے) جب وہ اپنے ربّ کے پاس قلبِ سلیم لے کر آئے
إِذۡ قَالَ لِأَبِيهِ وَقَوۡمِهِۦ مَاذَا تَعۡبُدُونَ
۸۵﴿
جب انھوں نے اپنے باپ سے اور اپنی قوم سے کہا تم کِن چیزوں کی پُوجا کرتے ہو
أَئِفۡكًا ءَالِهَةٗ دُونَ ٱللَّهِ تُرِيدُونَ
۸۶﴿
کیا تم اللہ کو چھوڑ کر خود تراشیدہ معبودوں کے طلب گار ہو
فَمَا ظَنُّكُم بِرَبِّ ٱلۡعَٰلَمِينَ
۸۷﴿
ربُّ العالمین کے متعلّق تمھارا کیا خیال ہے
فَنَظَرَ نَظۡرَةٗ فِي ٱلنُّجُومِ
۸۸﴿
(قوم کے لوگوں نے انھیں اپنے ساتھ چلنے کےلیے کہا) انھوں نے ستاروں کی طرف ایک نظر ڈالی
فَقَالَ إِنِّي سَقِيمٞ
۸۹﴿
اور کہا میں بیمار ہوں (تمھارے ساتھ نہیں چل سکتا)
فَتَوَلَّوۡاْ عَنۡهُ مُدۡبِرِينَ
۹۰﴿
قوم کے لوگوں نے ان کی طرف سے پیٹھ موڑی (اور چلے گئے)
فَرَاغَ إِلَىٰٓ ءَالِهَتِهِمۡ فَقَالَ أَلَا تَأۡكُلُونَ
۹۱﴿
پھر ابراہیم ان کے معبودوں کی طرف متوجّہ ہوئے اور (ان سے) کہا (اتنے چڑھاوے تمھارے سامنے رکھے ہوئے ہیں) تم کھاتے کیوں نہیں؟
مَا لَكُمۡ لَا تَنطِقُونَ
۹۲﴿
(آخر) تمھیں کیا ہوا ہے کہ تم بولتے نہیں؟
فَرَاغَ عَلَيۡهِمۡ ضَرۡبَۢا بِٱلۡيَمِينِ
۹۳﴿
یہ کہہ کر ابراہیم ان کی طرف جُھکے اور (بڑی) قوّت سے (انھیں) مارنا (شروع کر دیا اور مار مار کر انھیں ٹکڑے ٹکڑے کر دیا)
فَأَقۡبَلُوٓاْ إِلَيۡهِ يَزِفُّونَ
۹۴﴿
(جب قوم کے لوگوں کو اس واقعے کی خبر ہوئی) تو وہ جلدی سے ابراہیم کے پاس آئے (اور ان سے سوال و جواب شروع کر دیے)
قَالَ أَتَعۡبُدُونَ مَا تَنۡحِتُونَ
۹۵﴿
ابراہیم نے (ان سے) کہا کیا تم ایسی چیزوں کو پُوجتے ہو جن کو خود تراش تراش کر بناتے ہو
وَٱللَّهُ خَلَقَكُمۡ وَمَا تَعۡمَلُونَ
۹۶﴿
(اور اللہ کو بھول جاتے ہو) حالانکہ اللہ نے تم کو بھی پیدا کیا ہے اور (ان چیزوں کو بھی پیدا کیا ہے) جن کو تم (پُوجا کرنے کےلیے) بناتے ہو
قَالُواْ ٱبۡنُواْ لَهُۥ بُنۡيَٰنٗا فَأَلۡقُوهُ فِي ٱلۡجَحِيمِ
۹۷﴿
(قوم کے) لوگ کہنے لگے ان (کو سزا دینے) کےلیے ایک عمارت بناؤ پھر (اس میں آگ جلاؤ اور) دہکتی ہوئی آگ میں انھیں ڈال دو
فَأَرَادُواْ بِهِۦ كَيۡدٗا فَجَعَلۡنَٰهُمُ ٱلۡأَسۡفَلِينَ
۹۸﴿
قوم کے لوگوں نے ان (کو ہلاک کرنے) کےلیے ایک تدبیر کی تو ہم نے ان ہی کو پست کر دیا
وَقَالَ إِنِّي ذَاهِبٌ إِلَىٰ رَبِّي سَيَهۡدِينِ
۹۹﴿
اور ابراہیم نے کہا میں اپنے ربّ کی طرف جا رہا ہوں وہ میری رہنمائی فرمائے گا
رَبِّ هَبۡ لِي مِنَ ٱلصَّـٰلِحِينَ
۱۰۰﴿
(یہ کہہ کر انھوں نے دعا مانگی) اے میرے ربّ مجھے صالح (لڑکا) عطا فرما
فَبَشَّرۡنَٰهُ بِغُلَٰمٍ حَلِيمٖ
۱۰۱﴿
ہم نے ان کو ایک بُردبار لڑکے کی بشارت دی
فَلَمَّا بَلَغَ مَعَهُ ٱلسَّعۡيَ قَالَ يَٰبُنَيَّ إِنِّيٓ أَرَىٰ فِي ٱلۡمَنَامِ أَنِّيٓ أَذۡبَحُكَ فَٱنظُرۡ مَاذَا تَرَىٰۚ قَالَ يَـٰٓأَبَتِ ٱفۡعَلۡ مَا تُؤۡمَرُۖ سَتَجِدُنِيٓ إِن شَآءَ ٱللَّهُ مِنَ ٱلصَّـٰبِرِينَ
۱۰۲﴿
پھر جب وہ لڑکا ان کے ساتھ دوڑ نے (کی عمر) کو پہنچا تو انھوں نے (اس لڑکے سے) کہا اے میرے بیٹے میں نے خواب میں دیکھا ہے کہ میں تمھیں ذبح کر رہا ہوں تو تم سوچو کہ تمھارا کیا خیال ہے؟ انھوں نے کہا اے ابّا جان آپ کو جو حکم ملا ہے آپ اس کی تعمیل کیجیے، آپ مجھے ان شآء اللہ صابر پائیں گے
فَلَمَّآ أَسۡلَمَا وَتَلَّهُۥ لِلۡجَبِينِ
۱۰۳﴿
پھر جب دونوں نے (حکمِ الہٰی کے سامنے) سرِ تسلیم خم کر دیا اور ابراہیم نے بیٹے کو پیشانی کے بَل پچھاڑ دیا (اور ذبح کرنے لگے)
وَنَٰدَيۡنَٰهُ أَن يَـٰٓإِبۡرَٰهِيمُ
۱۰۴﴿
تو ہم نے ان کو پکارا کہ اے ابراہیم
قَدۡ صَدَّقۡتَ ٱلرُّءۡيَآۚ إِنَّا كَذَٰلِكَ نَجۡزِي ٱلۡمُحۡسِنِينَ
۱۰۵﴿
تم نے (اپنے) خواب کو سچّا کر دکھایا، ہم نیکی کرنے والوں کو اسی طرح بدلہ دیا کرتے ہیں (کہ ان کو ہر آزمائش میں کامیاب کرتے ہیں)
إِنَّ هَٰذَا لَهُوَ ٱلۡبَلَـٰٓؤُاْ ٱلۡمُبِينُ
۱۰۶﴿
بےشک یہ ایک کھلی آزمائش تھی (جس میں ابراہیم پورے اترے)
وَفَدَيۡنَٰهُ بِذِبۡحٍ عَظِيمٖ
۱۰۷﴿
ہم نے ایک بڑی قربانی کو اس (بیٹے) کے فدیے میں دیا
وَتَرَكۡنَا عَلَيۡهِ فِي ٱلۡأٓخِرِينَ
۱۰۸﴿
اور ہم نے بعد والوں میں ان کا ذِکرِ خیر باقی رکھا
سَلَٰمٌ عَلَىٰٓ إِبۡرَٰهِيمَ
۱۰۹﴿
(وہ یہ کہ جہاں کہیں) ابراہیم (کا ذِکر ہو تو ان) پر سلام (بھیجا جائے)
كَذَٰلِكَ نَجۡزِي ٱلۡمُحۡسِنِينَ
۱۱۰﴿
نیکی کرنے والوں کا یہ ہی بدلہ ہے
إِنَّهُۥ مِنۡ عِبَادِنَا ٱلۡمُؤۡمِنِينَ
۱۱۱﴿
وہ بےشک ہمارے مومن بندوں میں سے تھے
وَبَشَّرۡنَٰهُ بِإِسۡحَٰقَ نَبِيّٗا مِّنَ ٱلصَّـٰلِحِينَ
۱۱۲﴿
پھر ہم نے ان کو اسحاق کی خوش خبری دی (اور انھیں یہ بھی بتا دیا کہ) وہ نبی ہوں گے اور صالحین میں سے ہوں گے
وَبَٰرَكۡنَا عَلَيۡهِ وَعَلَىٰٓ إِسۡحَٰقَۚ وَمِن ذُرِّيَّتِهِمَا مُحۡسِنٞ وَظَالِمٞ لِّنَفۡسِهِۦ مُبِينٞ
۱۱۳﴿
اور (اے رسول) ہم نے اس (بیٹے) پر اور اسحاق پر (اپنی) برکتیں نازل کیں، ان دونوں کی اولاد میں نیک لوگ بھی ہیں اور اپنی جان پر صریح ظلم کرنے والے بھی ہیں
وَلَقَدۡ مَنَنَّا عَلَىٰ مُوسَىٰ وَهَٰرُونَ
۱۱۴﴿
اور (اے رسول) ہم نے موسیٰ اور ہارون پر (بھی بہت سے) احسانات کیے
وَنَجَّيۡنَٰهُمَا وَقَوۡمَهُمَا مِنَ ٱلۡكَرۡبِ ٱلۡعَظِيمِ
۱۱۵﴿
ہم نے ان کو اور ان کی قوم کو بڑی مصیبت سے نجات دی
وَنَصَرۡنَٰهُمۡ فَكَانُواْ هُمُ ٱلۡغَٰلِبِينَ
۱۱۶﴿
ہم نے ان کی مدد کی تو وہ غالب ہو گئے
وَءَاتَيۡنَٰهُمَا ٱلۡكِتَٰبَ ٱلۡمُسۡتَبِينَ
۱۱۷﴿
ہم نے ان دونوں کو ایک واضح کتاب دی
وَهَدَيۡنَٰهُمَا ٱلصِّرَٰطَ ٱلۡمُسۡتَقِيمَ
۱۱۸﴿
اور ان دونوں کو صراطِ مستقیم کی ہدایت کی
وَتَرَكۡنَا عَلَيۡهِمَا فِي ٱلۡأٓخِرِينَ
۱۱۹﴿
اور بعد والوں میں ان کا ذِکرِ خیر باقی رکھا
سَلَٰمٌ عَلَىٰ مُوسَىٰ وَهَٰرُونَ
۱۲۰﴿
(وہ یہ کہ جہاں کہیں) موسیٰ اور ہارون (کا ذِکر ہو تو ان) پر سلام (بھیجا جائے)
إِنَّا كَذَٰلِكَ نَجۡزِي ٱلۡمُحۡسِنِينَ
۱۲۱﴿
نیکی کرنے والوں کو ہم اسی طرح بدلہ دیا کرتے ہیں
إِنَّهُمَا مِنۡ عِبَادِنَا ٱلۡمُؤۡمِنِينَ
۱۲۲﴿
دونوں ہمارے مومن بندوں میں سے تھے
وَإِنَّ إِلۡيَاسَ لَمِنَ ٱلۡمُرۡسَلِينَ
۱۲۳﴿
اور (اے رسول) الیاس بھی رسولوں میں سے تھے
إِذۡ قَالَ لِقَوۡمِهِۦٓ أَلَا تَتَّقُونَ
۱۲۴﴿
(اور وہ وقت یاد کیجیے) جب انھوں نے اپنی قوم سے کہا تم (اللہ سے) ڈرتے کیوں نہیں؟
أَتَدۡعُونَ بَعۡلٗا وَتَذَرُونَ أَحۡسَنَ ٱلۡخَٰلِقِينَ
۱۲۵﴿
کیا تم بعل کو پکارتے ہو اور سب سے بہتر پیدا کرنے والے کو چھوڑ دیتے ہو!
ٱللَّهَ رَبَّكُمۡ وَرَبَّ ءَابَآئِكُمُ ٱلۡأَوَّلِينَ
۱۲۶﴿
(یعنی) اللہ کو چھوڑ دیتے ہو جو تمھارا بھی ربّ ہے اور تمھارے اگلے باپ دادا کا بھی ربّ ہے
فَكَذَّبُوهُ فَإِنَّهُمۡ لَمُحۡضَرُونَ
۱۲۷﴿
الغرض قوم کے لوگوں نے انھیں جھٹلایا تو بےشک وہ سب (اللہ کے سامنے) حاضر کیے جائیں گے
إِلَّا عِبَادَ ٱللَّهِ ٱلۡمُخۡلَصِينَ
۱۲۸﴿
(اور عذاب میں مبتلا ہوں گے) مگر (وہ لوگ عذاب سے بچ جائیں گے جو) اللہ کے پسندیدہ بندے ہوں گے
وَتَرَكۡنَا عَلَيۡهِ فِي ٱلۡأٓخِرِينَ
۱۲۹﴿
اور ہم نے ان کا ذِکرِ خیر بھی بعد والوں میں باقی رکھا
سَلَٰمٌ عَلَىٰٓ إِلۡ يَاسِينَ
۱۳۰﴿
(وہ یہ کہ جہاں کہیں) الیاس (کا ذِکر ہو تو ان) پر سلام (بھیجا جائے)
إِنَّا كَذَٰلِكَ نَجۡزِي ٱلۡمُحۡسِنِينَ
۱۳۱﴿
نیکی کرنے والوں کو ہم اسی طرح بدلہ دیا کرتے ہیں
إِنَّهُۥ مِنۡ عِبَادِنَا ٱلۡمُؤۡمِنِينَ
۱۳۲﴿
بےشک وہ ہمارے مومن بندوں میں سے تھے
وَإِنَّ لُوطٗا لَّمِنَ ٱلۡمُرۡسَلِينَ
۱۳۳﴿
اور (اے رسول) لوط بھی رسولوں میں سے تھے
إِذۡ نَجَّيۡنَٰهُ وَأَهۡلَهُۥٓ أَجۡمَعِينَ
۱۳۴﴿
(اور وہ وقت یاد کیجیے) جب ہم نے لوط کو اور ان کے تمام گھر والوں کو نجات دی
إِلَّا عَجُوزٗا فِي ٱلۡغَٰبِرِينَ
۱۳۵﴿
سوائے (ان کی) بُڑھیا (بیوی) کے (جو) پیچھے رہ جانے والوں میں (رہ گئی)
ثُمَّ دَمَّرۡنَا ٱلۡأٓخَرِينَ
۱۳۶﴿
ہم نے باقی سب کو ہلاک کر دیا
وَإِنَّكُمۡ لَتَمُرُّونَ عَلَيۡهِم مُّصۡبِحِينَ
۱۳۷﴿
اور (اے کافرو، آتے جاتے کبھی) صبح کو ان (کی تباہ شدہ بستیوں) پر سے گزرتے ہو
وَبِٱلَّيۡلِۚ أَفَلَا تَعۡقِلُونَ
۱۳۸﴿
(اور کبھی) رات کو، تو کیا تم میں عقل نہیں (کہ عبرت حاصل کرو)
وَإِنَّ يُونُسَ لَمِنَ ٱلۡمُرۡسَلِينَ
۱۳۹﴿
اور (اے رسول) یونس بھی رسولوں میں سے تھے
إِذۡ أَبَقَ إِلَى ٱلۡفُلۡكِ ٱلۡمَشۡحُونِ
۱۴۰﴿
(اور وہ وقت یاد کیجیے) جب وہ بھاگ کر ایک بھری ہوئی کشتی کے پاس پہنچے
فَسَاهَمَ فَكَانَ مِنَ ٱلۡمُدۡحَضِينَ
۱۴۱﴿
(کشتی والوں نے) قرعہ ڈالا، (قرعہ میں ان کا نام نکلا) لہٰذا وہ (سمندر میں) ڈال دیے گئے
فَٱلۡتَقَمَهُ ٱلۡحُوتُ وَهُوَ مُلِيمٞ
۱۴۲﴿
پھر ایک مچھلی نے ان کو نِگل لیا اور وہ اس وقت اپنے آپ کو بڑی ملامت کر رہے تھے
فَلَوۡلَآ أَنَّهُۥ كَانَ مِنَ ٱلۡمُسَبِّحِينَ
۱۴۳﴿
پھر اگر وہ (اللہ کی) پاکی بیان نہ کرتے
لَلَبِثَ فِي بَطۡنِهِۦٓ إِلَىٰ يَوۡمِ يُبۡعَثُونَ
۱۴۴﴿
تو اس دن تک مچھلی کے پیٹ میں رہتے جس دن تمام لوگ دوبارہ زندہ کیے جائیں گے
۞فَنَبَذۡنَٰهُ بِٱلۡعَرَآءِ وَهُوَ سَقِيمٞ
۱۴۵﴿
پھر ہم نے ان کو ایک کھلے میدان میں ڈال دیا اور وہ (اس وقت) بیمار تھے
وَأَنۢبَتۡنَا عَلَيۡهِ شَجَرَةٗ مِّن يَقۡطِينٖ
۱۴۶﴿
پھر ہم نے ان پر کدّو کی ایک بیل اگا دی
وَأَرۡسَلۡنَٰهُ إِلَىٰ مِاْئَةِ أَلۡفٍ أَوۡ يَزِيدُونَ
۱۴۷﴿
اور ان کو ایک لاکھ بلکہ اس سے بھی زیادہ لوگوں کی طرف رسول بناکر بھیجا
فَـَٔامَنُواْ فَمَتَّعۡنَٰهُمۡ إِلَىٰ حِينٖ
۱۴۸﴿
وہ لوگ ایمان لے آئے تو ہم نے (دنیا میں) ان کو ایک وقت (مقرّرہ) تک فائدہ (اٹھانے کا موقع) دیا
فَٱسۡتَفۡتِهِمۡ أَلِرَبِّكَ ٱلۡبَنَاتُ وَلَهُمُ ٱلۡبَنُونَ
۱۴۹﴿
(اے رسول، یہ کفّار فرشتوں کو اللہ کی بیٹیاں کہتے ہیں تو ذرا) آپ (ان سے) پوچھیے کیا آپ کے ربّ کےلیے تو بیٹیاں اور ان کےلیے بیٹے؟
أَمۡ خَلَقۡنَا ٱلۡمَلَـٰٓئِكَةَ إِنَٰثٗا وَهُمۡ شَٰهِدُونَ
۱۵۰﴿
کیا (جب) ہم نے فرشتوں کو عورت بنایا تھا یہ (اس وقت) موجود تھے؟
أَلَآ إِنَّهُم مِّنۡ إِفۡكِهِمۡ لَيَقُولُونَ
۱۵۱﴿
خبردار یہ خود ساختہ جھوٹ بات کہتے ہیں
وَلَدَ ٱللَّهُ وَإِنَّهُمۡ لَكَٰذِبُونَ
۱۵۲﴿
کہ اللہ کی اولاد ہے، بےشک یہ لوگ جھوٹے ہیں
أَصۡطَفَى ٱلۡبَنَاتِ عَلَى ٱلۡبَنِينَ
۱۵۳﴿
کیا اُس نے بیٹوں کے مقابلے میں بیٹیوں کو پسند کیا ہے
مَا لَكُمۡ كَيۡفَ تَحۡكُمُونَ
۱۵۴﴿
تمھیں کیا ہو گیا ہے ؟ تم کیسا فیصلہ کرتے ہو
أَفَلَا تَذَكَّرُونَ
۱۵۵﴿
کیا تم اتنی بات بھی نہیں سمجھتے
أَمۡ لَكُمۡ سُلۡطَٰنٞ مُّبِينٞ
۱۵۶﴿
کیا تمھارے پاس کوئی صاف و صریح دلیل ہے
فَأۡتُواْ بِكِتَٰبِكُمۡ إِن كُنتُمۡ صَٰدِقِينَ
۱۵۷﴿
سچّے ہو تو اپنی کتاب لا کر پیش کرو
وَجَعَلُواْ بَيۡنَهُۥ وَبَيۡنَ ٱلۡجِنَّةِ نَسَبٗاۚ وَلَقَدۡ عَلِمَتِ ٱلۡجِنَّةُ إِنَّهُمۡ لَمُحۡضَرُونَ
۱۵۸﴿
اور (اے رسول) انھوں نے اللہ کے اور جنّات کے درمیان رشتہ ٹھہرایا ہے حالانکہ جنّات جانتے ہیں کہ وہ بھی (دوسروں کی طرح اللہ کے سامنے) حاضر کیے جائیں گے
سُبۡحَٰنَ ٱللَّهِ عَمَّا يَصِفُونَ
۱۵۹﴿
(اے رسول) جو کچھ یہ بیان کرتے ہیں اللہ اس سے پاک ہے
إِلَّا عِبَادَ ٱللَّهِ ٱلۡمُخۡلَصِينَ
۱۶۰﴿
مگر ہاں اللہ کے پسندیدہ بندے (نہ تو ایسی باتیں بیان کرتے ہیں اور نہ وہ عذاب میں مبتلا ہوں گے)
فَإِنَّكُمۡ وَمَا تَعۡبُدُونَ
۱۶۱﴿
تو (اے کافرو) تم اور جن کو تم پُوجتے ہو
مَآ أَنتُمۡ عَلَيۡهِ بِفَٰتِنِينَ
۱۶۲﴿
(سب مل کر بھی) اللہ کے خلاف کسی کو بہکا نہیں سکتے
إِلَّا مَنۡ هُوَ صَالِ ٱلۡجَحِيمِ
۱۶۳﴿
مگر ہاں اسی کو جو (بتقد یرِ الہٰی) دوزخ میں جانے والا ہے
وَمَا مِنَّآ إِلَّا لَهُۥ مَقَامٞ مَّعۡلُومٞ
۱۶۴﴿
اور (اے رسول، فرشتے کہتے ہیں) کہ، ہم میں سے ہر ایک کا ایک مقام مقرّر ہے
وَإِنَّا لَنَحۡنُ ٱلصَّآفُّونَ
۱۶۵﴿
ہم (اللہ کے سامنے) صف بستہ کھڑے رہتے ہیں
وَإِنَّا لَنَحۡنُ ٱلۡمُسَبِّحُونَ
۱۶۶﴿
ہم (اللہ کی) تسبیح (اور تقدیس) کرتے رہتے ہیں
وَإِن كَانُواْ لَيَقُولُونَ
۱۶۷﴿
اور (اے رسول، آپ سے پہلے کفّارِ مکّہ) یہ کہتے تھے
لَوۡ أَنَّ عِندَنَا ذِكۡرٗا مِّنَ ٱلۡأَوَّلِينَ
۱۶۸﴿
اگر اگلے لوگوں کی نصیحت (کی کوئی کتاب) ہمارے پاس ہوتی
لَكُنَّا عِبَادَ ٱللَّهِ ٱلۡمُخۡلَصِينَ
۱۶۹﴿
تو ہم اللہ کے پسندیدہ بندے ہوتے
فَكَفَرُواْ بِهِۦۖ فَسَوۡفَ يَعۡلَمُونَ
۱۷۰﴿
(لیکن جب نصیحت کی کتاب آ گئی تو) انھوں نے اس کا انکار کر دیا، انھیں عنقریب (اس انکار کا انجام) معلوم ہو جائے گا
وَلَقَدۡ سَبَقَتۡ كَلِمَتُنَا لِعِبَادِنَا ٱلۡمُرۡسَلِينَ
۱۷۱﴿
اور (اے رسول) ہمارے بندوں (یعنی) رسولوں کے متعلّق ہمارا فیصلہ پہلے ہی ہو چکا ہے
إِنَّهُمۡ لَهُمُ ٱلۡمَنصُورُونَ
۱۷۲﴿
کہ ان کی مدد ضرور کی جائے گی
وَإِنَّ جُندَنَا لَهُمُ ٱلۡغَٰلِبُونَ
۱۷۳﴿
اور بےشک ہمارا لشکر ہی غالب رہے گا
فَتَوَلَّ عَنۡهُمۡ حَتَّىٰ حِينٖ
۱۷۴﴿
تو (اے رسول) کچھ عرصہ آپ ان سے رُوگردانی کیجیے
وَأَبۡصِرۡهُمۡ فَسَوۡفَ يُبۡصِرُونَ
۱۷۵﴿
اور انھیں دیکھتے رہیے، یہ بھی عنقریب (اپنا انجام) دیکھ لیں گے
أَفَبِعَذَابِنَا يَسۡتَعۡجِلُونَ
۱۷۶﴿
کیا یہ ہمارے عذاب کی جلدی کر رہے ہیں
فَإِذَا نَزَلَ بِسَاحَتِهِمۡ فَسَآءَ صَبَاحُ ٱلۡمُنذَرِينَ
۱۷۷﴿
تو یہ (خبردار ہو جائیں کہ) جب (ہمارا عذاب) ان کے میدان میں نازل ہو گا تو جن لوگوں کو ڈرایا گیا ہے ان کی صبح (بڑی) بُری ہو گی
وَتَوَلَّ عَنۡهُمۡ حَتَّىٰ حِينٖ
۱۷۸﴿
تو (اے رسول) آپ کچھ عرصہ ان سے رُوگردانی کیجیے
وَأَبۡصِرۡ فَسَوۡفَ يُبۡصِرُونَ
۱۷۹﴿
اور دیکھتے رہیے (کہ کیا ہوتا ہے)، وہ بھی عنقریب دیکھ لیں گے
سُبۡحَٰنَ رَبِّكَ رَبِّ ٱلۡعِزَّةِ عَمَّا يَصِفُونَ
۱۸۰﴿
(اے رسول) آپ کا ربّ یعنی ربُّ العزّت ان باتوں سے (جو یہ لوگ اُس کے متعلّق بیان کرتے ہیں) پاک و منزّہ ہے
وَسَلَٰمٌ عَلَى ٱلۡمُرۡسَلِينَ
۱۸۱﴿
رسولوں پر سلام ہو
وَٱلۡحَمۡدُ لِلَّهِ رَبِّ ٱلۡعَٰلَمِينَ
۱۸۲﴿
اور ہر قسم کی تعریف تو اللہ ربُّ العالمین کےلیے ہی ہے

Share This Surah, Choose Your Platform!